Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج 2025 میں نایاب ہم آہنگی: سعودی سکاؤٹس میں شامل 3 جڑواں بھائی

’سکاؤٹنگ ہمارے لیے محض عارضی خدمت خلق نہیں بلکہ ہمارا طرزِ زندگی ہے۔‘
سعودی عرب کی سکاؤٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے رواں سال حج خدمات پر مامور سکاؤٹس کیمپ میں نایاب اور حسین اتفاق دیکھنے میں آیا ہے جہاں تین سعودی جڑواں بھائی سکاؤٹس خدمات پیش کرنے کے لیے موجود ہیں۔
سعودی نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دارالحکومت ریاض کے علاقے الربیع میں واقع سول ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن کے سکاؤٹ گروپ سے جڑے یہ سکاؤٹس حاجیوں کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔
یہ چھ سعودی نوجوان نہ صرف اپنے خاندان اور مشابہت میں جڑے ہوئے ہیں بلکہ ان سب میں رضاکارانہ خدمت کی اقدار بھی مشترک ہیں۔
یہ جڑواں بھائی  حسام سعید اور عصام سعید القرنی، عزام اور عمار سلیمان السلیمان اور ولید عبدالحکیم اور مہند عبدالحکیم العتیبی کی قدر مشترک میں خونی رشتے میں جڑے ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی شکل و صورت اور خدمت خلق کا جذبہ بھی یکساں ہے۔
حسام اور عصام نے بتایا ہے ’سکاؤٹنگ ہمارے لیے محض عارضی خدمت خلق یا صرف مشغلہ نہیں بلکہ ہم نے بچپن کے مصمم ارادے کے ساتھ یہ طرزِ زندگی اپنایا ہے۔‘
دونوں بھائیوں نے مزید بتایا ’ ہماری پرورش وطن سے محبت کے جذبے میں ہوئی ہے اور سکاؤٹنگ کے شعبے نےانہیں موقع دیا ہے کہ وہ حجاج کی رہنمائی، معاونت اور ابتدائی طبی امداد کے ذریعے اپنے اس جذبے کا عملی طور پر اظہار کریں۔


چھ  نوجوان نہ صرف مشابہت میں ایک ہیں بلکہ ان کی رضاکارانہ اقدار بھی مشترک ہیں۔ فوٹو واس

مناسک حج کے دوران ہر لمحہ ہمیں صبر، ہمدردی اور نظم و ضبط کا ایک نیا سبق ملتا ہے۔
عزام اور عمار نے مشترکہ طور پر بتایا ’حجاج کی خدمت کے اس تجربے نے ہمارے آپسی رشتے اور تعلق کو مزید مضبوط کیا ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔
اس کے علاوہ حج کے ماحول اور ذمہ داریوں کے دباؤ میں ہم نے باہمی تعاون اور ایک دوسرے پر انحصار کی نئی سمت کا تعین کیا ہے۔
جڑواں بھائیوں نے بتایا ’ہم  ٹیم ورک کو اہمیت دیتے ہیں جس میں ایک دوسرے سے باہمی تعاون نہایت اہم ہے، ہمارا ہر عمل حاجی کی راحت کے لیے ہوتا ہے۔
حجاج کو ہم اپنا ذاتی مہمان سمجھتے ہیں اوراس مبارک موقع پر انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنا ہمارا اولین فرض ہے۔


حجاج کو ہم ذاتی مہمان سمجھتے ہیں اور ہر ممکن مدد ہمارا اولین فرض ہے۔ فوٹو واس

ولید اور مہنّد عبدالحکیم العتیبی نے حجاج کی خدمت پر فخر محسوس کرتے ہوئے اسے زندگی بدل دینے والا ناقابل فراموش تجربہ قرار دیا ہے۔
دونوں بھائیوں کے کہنا ہے ’  ہم صرف خدمت ہی نہیں کر رہے بلکہ بہت کچھ سیکھ رہے ہیں۔
حجاج کے جم غفیر میں پرسکون کھڑے رہتے ہوئے کسی بھی قسم کی شکرگزاری کی توقع کیے بغیر خدمت میں جلدی اور پہل کرنا سکاؤٹس کی اہم ذمہ داری ہے۔
ہم دونوں جڑواں بھائی یہاں اپنی موجودگی کے ساتھ خاص قسم کے تجربات حاصل کر رہے ہیں اور یہ ایک ایسا منفرد احساس ہے جو ساری زندگی ہماری خوبصورت یادوں میں زندہ رہےگا۔
 

 

شیئر: