Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ابوظبی پہنچ گئے

وفد میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور سینیئر افسران شامل ہیں (فوٹو: پی ایم آفس)
وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ابوظبی پہنچ گئے ہیں۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ابوظبی کے البطین ایئرپورٹ پر متحدہ عرب امارات کے صدر کے بھائی اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان نے وزیرِ اعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔
ایئرپورٹ پر متحدہ عرب امارات سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری جنرل علی احمد الشمسی، یو اے ایی میں پاکستان کے سفیر فيصل نياز ترمذی اور پاكستانی سفارتی عملہ بھی وزیراعظم کے استقبال کے لیے موجود تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ’وزیرِاعظم شہباز شریف کا دورہ متحدہ عرب امارات دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے جو باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور مختلف شعبوں میں قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔‘
وزیرِاعظم کے ہمراہ اعلٰی سطح وفد میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور سینیئر افسران شامل ہیں۔
شہباز شریف اپنے دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے جن میں اماراتی صدر اور ابوظبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے دوطرفہ ملاقات بھی شامل ہے۔

ومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان نے وزیرِ اعظم کا پرتپاک استقبال کیا (فوٹو: وزیراعظم آفس)

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ ’ان ملاقاتوں میں وزیراعظم، یو اے ای کی قیادت کے ساتھ دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔‘
’یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں اشتراک کو وسعت دینے کے لیے اہم موقع فراہم کرے گا۔‘ 
ترجمان نے کہا کہ ’وزیرِاعظم شہباز شریف کا یہ دورہ پاکستان اور امارات کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور نئے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے کے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔‘
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف انڈیا کے ساتھ کشیدگی اور جھڑپوں کے بعد دوست ممالک کے دورے کر رہے ہیں اور متحدہ عرب امارات کا دورہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
اس سے قبل انہوں نے 25 سے 30 مئی تک ترکیہ، ایران، آذربائیجان، اور تاجکستان کا سرکاری دورہ کیا اور حالیہ پاکستان انڈیا کشیدگی کے دوران حمایت کرنے والے برادر ممالک کا شکریہ ادا کیا۔

 

شیئر: