ایران میں پھنسے پاکستانی خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچ گئے
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پرواز کے ذریعے 107 مسافر واپس پہنچے ہیں (فوٹو: پی آئی اے)
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پہلی پرواز اسرائیل ایران جنگ سے متاثرہ پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی۔
بدھ کی صبح پی آئی اے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے پی کے 9552 میں 107 مسافر سوار تھے جو صبح تین بجے بحفاظت اسلام آباد ایئرپورٹ پر اتری۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایران کی فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے پاکستانی شہری زمینی راستے سے ترکمانستان کے دارالحکومت اشگ آباد پہنچے تھے اور وہاں سے پی آئی اے کی پرواز نے ان کو اٹھایا۔
بیان کے مطابق ’اس پورے عمل میں ایران اور ترکمانستان میں پاکستان کے سفارت خانوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔‘
قومی ایئر لائن کی یہ خصوصی پرواز حکومت پاکستان کی ہدایات پر روانہ کی گئی تھی۔
اس کے ذریعے واپس آنے والے مسافروں نے حکومت کو بروقت قرار دیتے ہوئے سراہا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ’مشکل وقت میں قومی ایئرلائن کی جانب سے خدمات فراہم کرنا ہماری دہائیوں پر محیط روایت کا تسلسل ہے۔‘