سعودی عرب کی فضائی کمپنی السعودیہ کی پروازایس وی 5688 جو حجاج کو واپس انڈونیشیا لے جا رہی تھی بم کی اطلاع پر اس کا رخ موڑ دیا گیا۔
السعودیہ کے طیارے میں ایک ہفتے کے دوران بم کی اطلاع کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
مزید پڑھیں
-
السعودیہ کی جدہ سے جکارتہ جانے والی پرواز میں بم کی اطلاعNode ID: 891061
یاد رہے کہ منگل کو بھی سعودی عرب سے جکارتہ جانے والی پرواز جس پر 442 حجاج سوار تھے بم کی اطلاع پر اس کا رخ موڑا گیا تھا۔
عاجل اور عرب نیوز کے مطابق جدہ سے انڈونیشیا جانے والی السعودیہ کی پرواز کو مسقط میں سٹاپ اوور کے بعد انڈونیشیا کے جزیرے سورابایا ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے بتایا انڈونیشیا کے درارلحکومت جکارتہ میں ایئرٹریفک کنٹرولرز کو ایک کال موصول ہوئی جس میں طیارے میں بم کی دھمکی سے خبردار کیا گیا۔
بم کی اطلاع پر سنیچر کی صبح طیارے کا رخ شمالی سماٹرا میں کوالانامو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔
ریجنل ایئرپورٹ اتھارٹی کے سربراہ اسری سانتوسا نے ایک بیان میں کہا کہ ’حکام طیارے کا معائنہ کر رہے ہیں، تاہم ایئرپورٹ مکمل طور پر آپریشنل ہے۔‘
سماٹرا پولیس ترجمان نے بتایا’ تمام 376 مسافر اور عملے کے 13 ارکان بخیریت ہیں۔ مسافروں کو اتوار کو ان کی منزل پر پہنچایا جائے گا۔‘
السعودیہ نے عرب نیوز کو تصدیق کی کہ سکیورٹی خطرے کی اطلاع غلط نکلی۔
سخت سیفٹی پروٹوکول کے مطابق احتیاطی اقدام کے طور پر طیارے کا رخ کوالانامو ایئرپورٹ کی طرف موڑا گیا۔
ہنگامی لینڈنگ کے بعد تمام مسافروں اور عملے کو طیارے سے بحفاطت آف لوڈ کیا گیا۔ مقامی حکام نے ضروری چیکنگ کے بعد طیارے کو آپریشن جاری رکھنے کی اجازت دی۔
السعودیہ کا کہنا ہے’ مسافروں اور عملے کی سیفٹی ہر قیمت پر اولین ترجیح ہے۔ مسافروں کے سفر کےلیے انتظامات کیے جارہے ہیں۔‘