امن و سلامتی کو درپیش چیلنجز میں قطر کے ساتھ ہیں: جی سی سی
بیان میں کہا گیا خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کی سلامتی مشترکہ ہے(فوٹو: اخبار24)
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) اور متحدہ عرب امارات نے ایران کی جانب سے پیر کو قطر پر کیے جانے والے میزائل حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق خلیج تعاون کونسل نے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نے ایرانی میزائل حملے کو ریاست قطر کی خود مختاری پر حملہ قرار دیتے ہوئے اسے کونسل کے رکن ممالک کے امن وسلامتی کے لیے براہ راست خطرہ قرار دیا۔
سیکرٹری جنرل نے زور دیا کہ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کی سلامتی مشترکہ ہے۔ کونسل قطرکے امن و سلامتی کو درپیش چیلنجز میں اس کے ساتھ ہے۔
انہوں مزید کہا ’یہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب قطر اور جی سی سی ممالک ایران پر ہونے والے اسرائیلی حملوں کی مذمت کرنے اور جنگ بندی کے لیے سنجیدگی سے کوشاں ہیں، ان حالات میں قطر پر ایرانی میزائل حملوں نے سب کو حیرت زدہ کردیا۔
سیکریٹری جنرل نے کہا سلامتی کونسل اورعالمی برادری اس جارحیت کی مذمت اور ایران کے غیرذمہ دارانہ اقدام کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کرے جو خطے کی سلامتی اور امن کے حصول کے لیے سفارتکاری کے ذریعے مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں معاون ثابت ہوں۔
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات نے بھی قطر پر ایرانی میزائل حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان نازک وقت میں قطر سے مکمل اظہار یکجہتی کیا ہے۔
اماراتی نیوز ایجنسی ’وام ‘ کے مطابق اماراتی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ ایران کے حملے نہ صرف قطر بلکہ خطے کے امن وسلامتی کےلیے نقصان دہ ہوں گے۔
مذمتی بیان میں علاقائی امن وسلامتی کے تحفظ کو یقینی بنانے کےلیے فوری طورپر عسکری کارروائیوں کو مکمل طورپر روکنے پر زور دیا گیا۔
