Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنگ بندی : سٹاک مارکیٹ میں تیزی، سونے کی قیمت میں کمی

’آج سونے کی قیمت دو ہفتوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور علاقائی انڈیکسز میں بہتری آگئی ہے۔
مشرق وسطیٰ کی سٹاک مارکیٹ میں آج زبردست تیزی دیکھی گئی جب کہ سونے کی قیمت میں کمی آگئی ہے۔
دبئی فنانشل مارکیٹ انڈیکس میں 3 فیصد کا اضافہ ہوا جو 16 دسمبر کے بعد اس کی سب سے بڑی یومیہ پیشرفت ہے۔
 قطر اسٹاک ایکسچینج انڈیکس میں 2.4 فیصد اضافہ ہوا جو اپریل کے بعد سب سے زیادہ ہے جبکہ کویت اسٹاک ایکسچینج میں ’مارکیٹ فرسٹ انڈیکس‘ 2.5 فیصد بڑھا۔
’فوٹسی ابوظبی جنرل انڈیکس‘ میں بھی 1.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔
عالمی سطح پر بھی، ابھرتی ہوئی منڈیوں کے لیے "ایم ایس سی آئی انڈیکس میں 2.3 فیصد اضافہ دیکھا گیا جو خطے میں جغرافیائی سیاسی خطرات میں کمی سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔
سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی کیونکہ محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر اس کی طلب میں کمی آئی ہے۔
آج منگل کے روز سونے کی قیمت دو ہفتوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی جبکہ سرمایہ کاروں نے سونے کو محفوظ اثاثے کے طور پر خریدنا کم کر دیا۔
گرینچ وقت کے مطابق 00:30 بجے، سونے کی اسپاٹ قیمت 0.6 فیصد گر کر 3,349.89 ڈالر فی اونس ہو گئی، جو 11 جون کے بعد اس کی سب سے کم قیمت تھی۔
سنگاپور کے وقت صبح 7:27 بجے سونے کی سپاٹ قیمت 0.5 فیصد گھٹ کر 3,353.02 ڈالر فی اونس پر آ گئی جبکہ ایشیائی مارکیٹس میں ابتدائی لین دین کے دوران یہ قیمت 0.6 فیصد کم ہو کر 3,350 ڈالر سے بھی نیچے آ گئی تھی۔
ادھربلومبرگ کا اسپاٹ ڈالر انڈیکس 0.2 فیصد نیچے آیا۔ اس کے برعکس پلاٹینم کی قیمت میں معمولی اضافہ ہوا، پیلاڈیم کی قیمت مستحکم رہی جبکہ چاندی میں کمی آئی۔

شیئر: