Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بینکاک جانے والے ایئر انڈیا کے جہاز سے پرندے کا گھونسلہ برآمد، مسافروں کو اُتار لیا گیا

ایئر انڈیا کے جہاز کے پر میں پرندے نے گھونسلا بنا رکھا تھا (فائل فوٹو: ایئر انڈیا)
ممبئی سے بینکاک جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز ایک غیرمعمولی واقعے کے باعث اس وقت تاخیر کا شکار ہو گئی جب جہاز کے ایک پر میں پرندے کے گھونسلے کے آثار پائے گئے۔
انڈین میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 25 جون کو پیش آیا تاہم اب اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر کی گئی راج نیش چوہدری نامی صارف کی پوسٹ کے مطابق جہاز میں سوار ایک مسافر نے گھونسلہ دیکھا اور فضائی عملے کو اطلاع دی۔
راج نیش چوہدری کے مطابق یہ واقعہ پرواز نمبر اے آئی 2354 میں پیش آیا جس نے صبح 7 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہونا تھا، تاہم گھونسلہ پائے جانے کے بعد اسے تین گھنٹے سے زائد تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گراؤنڈ سٹاف جہاز کے پر سے تنکے اور گھونسلے کی باقیات نکال رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق واقعے کے بعد تمام مسافروں کو جہاز سے اتار لیا گیا اور حفاظتی معائنے کے بعد ایک دوسرا طیارہ فراہم کیا گیا۔
راج نیش چوہدری نے بتایا کہ ’اُن کے دوست ہنشی پرمجیت سنگھ نے طیارے کے قریب گھونسلے کی تصویر لی اور فضائی عملے کے ایک اہلکار کو دکھائی، جس نے فوری طور پر یہ تصویر پائلٹ تک پہنچائی۔‘
’پائلٹ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گراؤنڈ سٹاف کو طلب کیا اور طیارے کا مکمل فنی معائنہ کروایا تاکہ پرواز سے پہلے تمام حفاظتی پہلوؤں کو یقینی بنایا جا سکے۔‘
ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے مختلف آرا کا اظہار کیا ہے۔
ایک صارف نے ایئر انڈیا پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ احمد آباد کے حادثے کے بعد بھی اگر اس طرح کی غفلت برتی جا رہی ہے تو یہ انتہائی خطرناک ہے۔ صارف کا کہنا تھا کہ طیاروں کی دیکھ بھال کے شعبے میں لاپرواہی برداشت نہیں کی جا سکتی۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’ممبئی سے بینکاک جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز کے پروں میں پرندے نے گھونسلہ بنا لیا۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ایئر انڈیا اپنے طیاروں کی مناسب دیکھ بھال کر رہی ہے؟ کیا یہ طیارے اڑان کے قابل حالت میں ہیں؟ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ کسی نے یہ گھونسلہ اُس وقت تک کیوں نہیں دیکھا جب تک پرندہ اسے مکمل نہیں کر چکا۔‘
 

 

شیئر: