مون سون بارشیں اور سیلاب، پاکستان میں رواں ہفتے 32 اموات
صوبائی اتھارٹی کے مطابق خیبر پختونخوا میں سیلاب سے 56 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
قدرتی آفات سے نمٹنے کے اداروں نے کہا ہے کہ پاکستان میں رواں ہفتے مون سون بارشوں اور سیلاب کے باعث 32 اموات ہوئی ہیں۔ مرنے والوں میں 12 بچے بھی شامل ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ پنجاب میں گزشتہ تین دنوں کے دوران کم از کم 13 شہری مون سون بارشوں کے باعث ہونے والے حادثات میں جان سے گئے۔
ان میں سے 8 بچے تھے جو طوفانی بارشوں کے دوران گھروں کی چھتیں گرنے سے ہلاک ہوئے۔
مرنے والوں کی تعداد 32 تک اُس وقت پہنچی جب گزشتہ روز خیبر پختونخوا صوبے میں حکام نے تصدیق کی کہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 19 ہلاکتیں ہوئیں۔
خیبر پختونخوا کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ مرنے والوں میں 8 بچے اور 5 خواتین شامل ہیں، جبکہ چھ شہری زخمی بھی ہوئے۔
حکام نے سیاحتی مقام سوات میں سیلابی ریلے میں دو خاندانوں کے 18 افراد کے بہہ جانے کے حوالے سے بتایا کہ 11لاشیں نکال لی گئیں جبکہ تین لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
صوبائی اتھارٹی کے مطابق خیبر پختونخوا میں سیلاب سے 56 مکانات کو نقصان پہنچا ہے جن میں سے چھ مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔
پاکستان میں محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگلے تین دن بھی ملک میں شدید بارشیں متوقع ہیں جن کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
گزشتہ ماہ آندھی اور طوفان کے باعث پاکستان کے مختلف علاقوں میں 32 اموات ہوئی تھیں۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران شدید گرم موسم نے شہریوں کو پریشان کیے رکھا جبکہ ژالہ باری سے فصلوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا۔
پاکستان کو دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ 24 کروڑ آبادی کے ملک میں شدید موسمی حالات اب معمول بنتے جا رہے ہیں۔
