Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی طلبا نے جونیئر بلقان میتھس اولمپیارڈ 2025 میں چھ تمغے جیتے

اس مقابلے میں 23 ملکوں کے 135 طلبہ نے حصہ لیا۔(فوٹو: ایس پی اے)
 سعودی طلبا نے29 ویں جونیئر بلقان میتھس اولمپیارڈ 2025 میں چھ میڈل جیتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق  شمالی مقدونیہ میں 24 سے 29 جون تک جاری رہنے والے اس مقابلے میں 23 ملکوں کے 135 طلبہ نے حصہ لیا۔
سعودی طلبا کی ٹیم نے بین الاقوامی سطح پر مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گولڈ، دو سلور اور دو برانز میڈل حاصل کیے۔
محکمہ تعلیم الشرقیہ ریجن کے طالبعلم عبداللہ طارق العامر اور محکمہ تعلیم جدہ کے عبداللہ محمد الثقاف نے دو گولڈ میڈل، ینبع رائل کمیشن محکم تعلیم کے یاسر محمد حبیب اللہ، جبیل رائل کمیشن محکمہ تعلیم کے محمد علی شیبان نےدوسلور میڈل، مدینہ منورہ محکمہ تعلیم کے عبدالرحمن شوقی منصور اور بلال نافع الحجیلی نے دو برانز میڈل حاصل کیے۔
 یہ کامیابی کنگ عبدالعزیزفاؤنڈیشن ’موھبہ‘ کے تحت  وزارت تعلیم کی شراکت سے ہونہار طلبا کی بین الاقوامی مقابلوں کے لیے تیاری اور تربیت کا نتیجہ ہے۔
ٹیم کے ارکان کا انتخاب قومی پروگرام کے تحت سخت ٹیسٹ کے ذریعے کیا گیا۔ مقامی اور بین الاقوامی ماہرین کے ذریعے طلبا کی ٹریننگ کی گئی۔
جونیئر بلقان میتھس اولمپیارڈ میں سعودی ٹیم کی یہ 14 ویں شرکت ہے۔ اب تک 64 میڈل اپنے نام کیے ہیں، ان میں 11 گولڈ، 24 سلور اور 29 برانز میڈل شامل ہیں۔
گزشتہ برس ایونٹ کے دوران سعودی طلبہ کی ٹیم نے ایک سلور اور چار برانز میڈل جیتے تھے۔
جونیئر بلقان میتھس اولمپیارڈ کا آغاز 1997 میں ہوا تھا جو ہر سال پندرہ سال سے کم عمر کےطلبا کے لیے منعقد کیا جاتا ہے، ہر ملک سے چھ طلبا کی ٹیم شرکت کرتی ہے، اس کا انعقاد بلقان ممالک اور قبرص میں کیا جاتا ہے۔

 

شیئر: