Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تکنیکی گڑبڑ تھی‘، انڈیا میں پاکستانی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بحالی کے بعد دوبارہ بلاک

انڈیا اور پاکستتان کے تعلقات میں کشیدگی کے بعد مشہور پاکستانی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر انڈیا میں پابندی لگ گئی تھی۔ (فوٹو: گوگل)
انڈیا ٹوڈے کے مطابق ایک مرتبہ پھر پاکستانی شوبز شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس انڈیا میں غیردستیاب ہو گئے ہیں۔
بدھ کے روز رپورٹس سامنے آئیں تھیں کہ انڈیا میں معروف پاکستانی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر عائد پابندیاں عارضی طور پر ہٹا لی گئی ہیں، جس کے بعد انڈین سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خاصی تنقید بھی سامنے آئی تھی۔
تاہم آج صبح انسٹاگرام اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پاکستانی فنکاروں جیسے ہانیہ عامر، ماہرہ خان، شاہد آفریدی، ماورا حسین اور فواد خان کے اکاؤنٹس دوبارہ انڈین صارفین کے لیے ناقابل رسائی ہو گئے ہیں۔
یہ اقدام ایک ایسے مختصر وقفے کے بعد سامنے آیا جب بدھ کے روز کئی پاکستانی یوٹیوب چینلز اور انسٹاگرام اکاؤنٹس انڈیا میں دوبارہ نظر آنا شروع ہو گئے تھے۔
اب اگر کوئی انڈین صارف انسٹاگرام پر ان شخصیات کے اکاؤنٹس تلاش کرے تو ایک نوٹیفکیشن ظاہر ہوتا ہے جس پر لکھا ہوتا ہے ’انڈیا میں دستیاب نہیں۔ یہ مواد قانونی درخواست پر محدود کیا گیا ہے۔‘
ذرائع نے انڈیا ٹوڈے کو بتایا ہے کہ ان اکاؤنٹس کی عارضی دستیابی ایک تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہوئی تھی۔
ایک حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ’اگر آپ کو کچھ اکاؤنٹس  ایکس، یوٹیوب یا میٹا پر نظر آ رہے ہیں تو وہ چند گھنٹوں میں دوبارہ بلاک ہو جائیں گے۔ یہ سب ایک تکنیکی گڑبڑ تھی جو اب درست کر لی گئی ہے۔‘
دو جولائی کو پاکستانی اداکاروں جیسے صبا قمر، ماورا حسین، فواد خان، شاہد آفریدی، احد رضا میر، یمنہ زیدی اور دانش تیمور کے انسٹاگرام اکاؤنٹس انڈین صارفین کو دوبارہ نظر آنا شروع ہو گئے تھے۔
اسی طرح پاکستانی یوٹیوب چینلز جیسے ہم ٹی وی، اے آر وائی ڈیجیٹل اور ہر پل جیو بھی مختصر وقت کے لیے بھارت میں دستیاب تھے۔
مداحوں نے ان اکاؤنٹس کی اچانک واپسی کو نوٹ کیا اور سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں ہونے لگیں کہ شاید پاکستانی کنٹینٹ پر عائد پابندی خاموشی سے ختم کر دی گئی ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ انڈین وزارتِ اطلاعات و نشریات نے ان اکاؤنٹس کی واپسی اور پھر دوبارہ غائب ہونے پر اب تک کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا۔
یہ پابندیاں انڈیا اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد لگائی گئی تھیں۔

شیئر: