Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان کے ضلع قلات میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، 3 مسافر ہلاک جبکہ 7 زخمی

بلوچستان کے ضلع قلات میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک مسافر بس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے کم از کم تین مسافر ہلاک جبکہ سات زخمی ہوگئے ہیں۔
قلات پولیس کنٹرول کے مطابق یہ واقعہ قلات کے علاقے نیمرغ کراس کے مقام پر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر بدھ کی شام کو تقریباً پانچ بجے پیش آیا۔
پولیس کے مطابق نامعلوم شدت پسندوں نے بس پر اندھا دھند فائر کھولا جس سے بس ڈرائیور سے بے قابو ہو کر سڑک سے اُتر کر باغ میں جا گُھسی۔ 
فائرنگ کی زد میں آکر تین مسافر موقعے پر ہی دم توڑ گئے جبکہ سات زخمی ہوگئے۔ 
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔ پولیس، سکیورٹی اداروں کے اہلکار اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ 
زخمیوں اور لاشوں کو سول ہسپتال قلات منتقل کردیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
بلوچستان میں ایک ہفتے کے دوران مسافروں  کے قتل کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ 10جولائی کو ژوب کے علاقے سرہ ڈاکئی کے مقام پر لورالائی ڈیرہ غازی خان این 70 شاہراہ پر مسلح شدت پسندوں نے دو بسوں سے 9 مسافروں کو اُتار کر قتل کر دیا تھا جن کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے تھا۔
 

شیئر: