Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: پاکستان میں حالیہ بارشوں سے 180 افراد ہلاک، پنجاب میں چوتھا سلسلہ 21 جولائی سے

اہم نکات:
  • پاکستان کی شام پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت
  • مون سون بارشیں: صوبہ پنجاب میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں جاری
  • وزیراعلیٰ پنجاب کی پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر سے ملاقات

مون سون بارشیں معمول سے زیادہ ہونے کی پیشگوئی، پنجاب میں چوتھا سلسلہ 21 جولائی سے
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق 26 جون سے اب تک پاکستان کا سب سے زیادہ آبادی والا صوبہ پنجاب 103 اموات کے ساتھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، اس کے بعد خیبرپختونخوا (کے پی) میں 38، سندھ میں 20، بلوچستان میں 16 اور آزاد کشمیر میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ رواں سال مون سون بارشیں معمول سے زیادہ ہونے کا امکان ہے جبکہ بارشوں کا چوتھا سلسلہ 21 جولائی سے شروع ہو گا۔
جمعے کو جاری بیان میں پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان نے کہا کہ مون سون بارشوں اور گلیشئیر پگھلنے کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے، دریائے سندھ میں تربیلا اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ کالا باغ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے راوی، چناب، جہلم، ستلج اور ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔
منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 47 فیصد، تربیلا میں 79 فیصد ہے جبکہ ستلج ، بیاس اور راوی پر قائم انڈین ڈیمز میں پانی کی سطح 36 فیصد تک ہے۔

مون سون بارشیں: صوبہ پنجاب میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں جاری

پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز پوٹھوہار ریجن میں سیلابی پانی میں پھنسے ایک ہزار سے زائد شہریوں کو فوج اور انتظامیہ کہ مدد سے ریسکیو کیا گیا۔
جہلم میں 398 شہریوں کو ریسکیو کیا گیا، چکوال میں سیلابی پانی میں پھنسے 209 شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ چکوال میں 182 افراد کو ضلعی انتظامیہ اور 27 شہریوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کیا گیا ۔
راولپنڈی میں ضلعی انتظامیہ نے 450 افراد کو ریسکیو کیا۔ راولپنڈی میں نالہ لئی سے چھ شہریوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پنجاب و ضلعی انتظامیہ کے ریسپانس کے باعث سیلابی پانی میں پھنسنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظر ان اضلاع میں انتظامات مکمل ہیں جن کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

پاکستان کی شام پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت

پاکستان نے اسرائیل کے شام پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اور انہیں نہ صرف غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے بلکہ انہیں بہت خطرناک اور جان بوجھ عدم استحکام کا باعث قرار دیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق شام کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی بریفنگ کے دوران بیان دیتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے عاصم افتخار احمد نے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی تمام خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر سے ملاقات

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے لاہور میں ملاقات کی ہے۔
جمعے کو پنجاب حکومت کی طرف جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعاون، باہمی تجارت، صنعت اور زراعت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش ایک ہی درخت کی دو شاخیں ہیں ہماری جڑیں مشترکہ تاریخ اور ثقافت میں پیوست ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو بزنس سینٹرز کے ذریعے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب بنگلہ دیش کی گارمنٹس، مائیکروفنانس اور وویمن کی ورک فورس میں کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

 

شیئر: