اتحاد ایئرویز نے 2025 اختتام تک تقریباً 2 کروڑ 15 لاکھ مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے جو 2022 میں ریکارڈ کی جانے والی تعداد سے د گنی ہے۔
اتحاد ایئر ویزکے سی ای او انتونوالدو نیوس نے 2025 کے لیے توسیعی منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
اتحاد ایئر ویز رواں سال 14 نئے روٹس پر پروازوں کا آغاز کرے گیNode ID: 887098
-
اتحاد ایئر ویز نے کراچی کے لیے یومیہ پروازوں میں اضافہ کردیاNode ID: 890822
وام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا ’اتحاد ایئر ویز کے بیڑے میں اس سال کے اختتام سے قبل 18 نئے طیاروں کی شمولیت متوقع ہے۔ ان میں سے دو طیارے پہلے ہی شامل ہو چکے ہیں، باقی 16 طیاروں کی فراہمی آنے والے مہینوں میں شیڈول ہے۔‘
انہوں نے بتایا اس سال کے پہلے چھ ماہ میں اتحاد ایئرویز ایک کروڑ سے زائد مسافروں کو خدمات فراہم کر چکی ہے، امید ہے 2025 کے اختتام تک 115 سے 120 طیاروں پر مشتمل بیڑا ہو گا۔‘
اتحاد ایئرویز کا عالمی نیٹ ورک 100 مقامات تک پہنچ رہا ہے تاہم ایئرلائن کی حکمتِ عملی صرف نئے روٹس شامل کرنے تک محدود نہیں بلکہ موجودہ روٹس پر پروازوں کی تعداد میں اضافہ شامل ہے۔
فرینکفرٹ اور بارسلونا کے لیے پروازوں کی تعداد یومیہ دو پروازوں تک بڑھائی گئی ہے، بنکاک کے لیے مصروف دنوں میں یومیہ پانچ پروازیں ہیں۔
کولمبو، ریاض، جدہ، ممبئی اور مسقط کے لیے یومیہ چار پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔ جنوب مشرقی ایشیا، یورپ اور مشرقی امریکہ کے مقامات کے لیے کم از کم دو یومیہ پروازیں ہیں۔
اس سے قبل اتحاد ایئر ویز نے اپنے نیٹ ورک میں توسیع کرتے ہوئے سات نئے مقامات شامل کیے تھے۔
نئے مقامات میں قازقستان میں الماتے، آذربائیجان میں باکو، رومانیہ میں بخارسٹ، سعودی عرب میں مدینہ منورہ، جارجیا میں تبلیسی، ازبکستان میں تاشقند، اور آرمینیا میں یریوان شامل ہیں۔