ابوظبی میں دس سالہ بچے سے زیادتی کے مجرم کو 10 سال قید کی سزا
جمعرات 24 جولائی 2025 19:32
متاثرہ لڑکے کے گھر کے قریب رہائش پر بھی پابندی لگا دی۔(فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں ابوظبی کی فوجداری عدالت نے دس سالہ بچے سے زیادتی کے مجرم کو دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔
وام کے مطابق عدالت نے قید کی سزا کے علاوہ متاثرہ لڑکے کے گھر کے قریب مجرم کے رہائش اختیار کرنے پر بھی پابندی لگا دی۔
عدالت نے بچے کو زبردستی پرائیویٹ کار میں لے جا کر زیادتی کا مجرم قرار دیا ہے۔
بچے کے ایک رشتے دار کی طرف سے دائر رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ملزم نے گھر کے قریب بچے کو زبردستی گاڑی میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ابوظبی پراسیکیوٹر نے فوری طور پر تحقییقات کا آغاز کیا، شواہد کی بنیاد پرعلاقے میں ملزم کی گاڑی کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں گاڑی کو ایک سکول کے سامنے کافی دیر تک کھڑے دیکھا گیا۔
گاڑی کے فارنسک تجزیے اور فنگر پرنٹس سے بھی ملزم اور متاثرہ لڑکے کی موجودگی اور کی تصدیق ہوگئی۔
عدالت نے شواہد اور دستاویز کی بنیاد پر دس سال قید کی سزا سنائی اور جرم میں استعمال کی جانے والی گاڑی کو ضبط کرنے کا حکم دیا۔
سزا پوری ہونے کے بعد متاثرہ بچے کی رہائش کے پانچ کلو میٹر کے اندر مجرم کے رہنے پر پابندی لگا دی۔
واضح رہے متحدہ عرب امارات میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کےلیے سخت قوانین نافذ ہیں۔
