Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سونم کپور نے بغیر کسی سخت ڈائٹ پلان اور ورزش کے 35 کلو وزن کم کیا، مگر کیسے؟

سونم کپور کے بیٹے کا نام وایو کپور آہوجا ہے (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وُڈ کی معروف اداکارہ سونم کپور اپنی فلمی زندگی کے آغاز سے قبل جس تبدیلی سے گزریں وہ اُن تمام افراد کے لیے مشعلِ راہ ہے جو وزن کم کرنا چاہتے ہیں۔
40 سال کی سونم کپور نے سنہ 2007 میں رنبیر کپور کے ساتھ فلم ’سانوریا‘ سے ڈیبیو کیا تھا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق فلمی دنیا میں قدم رکھتے وقت ان کا وزن 90 کلوگرام تھا اور انہیں پی سی او ایس اور ذیابطیس جیسے مسائل کا سامنا تھا۔ انہوں نے نہ صرف 35 کلو وزن کم کیا بلکہ پی سی او ایس اور ذیابیطس جیسی بیماریوں کا بھی مقابلہ کیا۔

سونم کپور نے وزن کیسے کم کیا؟

سونم کپور کو 20 سال کی عمر سے ہی پی سی او ایس جیسی بیماری لاحق ہو گئی تھی لیکن اس کے باوجود فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل انہوں نے وزن میں نمایاں کمی لانے کا فیصلہ کیا۔
ایک پرانے انٹرویو میں اداکارہ نے انکشاف کیا کہ اس تبدیلی میں اُن کی والدہ کا بڑا کردار تھا۔ ’میری ماں نے سب سے پہلے وہ تمام چیزیں بند کروائیں جو مجھے بہت زیادہ پسند تھیں، جیسے چاکلیٹ، آئس کریم، تلی ہوئی اشیا اور مٹھائیاں وغیرہ۔‘
گوشت کے پکوان پسند کرنے والی سونم کپور نے ایک وقت میں گوشت تک چھوڑ دیا تھا۔ انہوں نے جنک فوڈ ترک کر کے ہر دو گھنٹے بعد متوازن غذا کھانا شروع کی اور اپنی فٹنس روٹین میں پاور یوگا، دل کی صحت کو بہتر بنانے والی ورزشیں اور تیراکی کو شامل کیا جس سے وزن کم کرنے میں مدد ملی۔

ماں بننے کے بعد وزن میں کمی

سونم کپور نے اپنی فٹنس کو برقرار رکھا تاہم سنہ 2022 میں بیٹے وایو کپور آہوجا کی پیدائش کے بعد ان کا وزن بڑھ گیا تھا اور ماں بننے کے بعد خواتین کا وزن بڑھنا عام بات ہے۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں ماں بننے کے بعد وزن کم کرنے کے سفر پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ’بغیر کسی کریش ڈائٹ یا تھکا دینے والی ورزشوں کے میں نے آہستہ آہستہ وزن کم کیا۔‘
سونم کپور نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ ’20 کلو وزن کم ہو چکا ہے اور اب چھ کلو مزید کم کرنا باقی ہے۔‘
انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ ’مجھے دوبارہ خود کی طرح محسوس کرنے میں 16 ماہ لگے۔ آہستہ آہستہ بغیر کسی غیر ضروری ڈائٹ یا سخت ورزشوں کے صرف تسلسل کے ساتھ اپنا خیال رکھ کر اور بچے کی دیکھ بھال کر کے۔ میں ابھی مکمل طور پر اس جگہ نہیں پہنچی، لیکن تقریباً منزل پر ہوں۔ اپنے جسم کی شک گزار ہوں کہ اس نے میرے لیے کیا کچھ نہیں کیا۔‘

شیئر: