کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن فار ریسرچ اینڈ آرکائیوز (دارۃ) اس سال نومبر 2025 مطابق (جمادی الاول 1447ھ) میں حج اور حرمین شریفین کی تاریخ، ثقافت اور فن تعمیر پر بین الاقوامی علمی فورم منعقد کرے گا۔ فورم کا عنوان ’حج اور حرمین شریفین، تاریخ، ثقافت، فن تعمیر ۔ پائیدار علم اور ڈیجیٹل دستاویزات کی طرف’ ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق یہ اہم فورم وزارت حج و عمرہ اور ضیوف الرحمن خدمات پروگرام کے اشتراک سے منعقد کیا جارہا ہے اس کا مقصد مقدس مقامات کے تاریخی ورثے کو محفوظ کرنا اور جدید سائنسی و ڈیجیٹل طریقوں سے عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔
مزید پڑھیں
-
کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن کی زیرنگرانی تاریخی ناول پر ورکشاپNode ID: 600176
-
دارہ کا جزیرہ نماعرب کے علمی جریدے کا انگریزی ڈیجیٹل ایڈیشن جاریNode ID: 808401
فورم میں دنیا بھر سے مختلف علمی شعبوں سے تعلق رکھنے والے محققین شرکت کریں گے جن میں تاریخ، فن تعمیر، اسلامی فنون، ادب، جغرافیہ، میڈیا اور ڈیجیٹل سٹڈیز شامل ہیں۔
منتظمین کے مطابق اس فورم کا مقصد حج اور حرمین شریفین کے تاریخی ورثے کی دستاویزی حیثیت کو مضبوط بنانا اور اسے جدید تحقیق سے جوڑنا ہے۔
فورم میں 5 اہم موضوعات پر گفتگو کی جائے گی۔ جن میں حرمین شریفین کی خدمت میں سعودی عرب کا کردار، حج اور حرمین تاریخی تحریروں اور سفر ناموں میں، حرمین کی فن تعمیر اور بصری شناخت، حج ثقافتی یادوں اور سماجی ورثے میں اور حج دستاویزات میں جدید ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن نے فورم کے لیے تحقیقی مقالے وصول کرنا شروع کردیے ہیں جو ربیع الاول 1447ھ کے آخر تک مطابق ستمبر 2025 تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ وصول ہونے والے مقالات کا ایک ماہ کے اندر جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے بعد ایک ماہ کا وقت ترمیم کے لیے دیا جائے گا۔ حتمی طور پر منتخب مقالات کا اعلان ترمیمی مرحلے کے 2 ہفتے بعد کیا جائے گا۔