Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ میں مقدمہ، پی سی بی نے حیدر علی کو عارضی طور پر معطل کر دیا

برطانوی پولیس ایک مقدمے میں حیدر علی سے تفتیش کر رہی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ کرکٹر حیدر علی کے خلاف برطانیہ کی گریٹر مانچسٹر پولیس کی جانب سے ایک کریمینل مقدمے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
پی سی بی کے مطابق یہ تحقیقات پاکستان شاہینز کے حالیہ دورۂ انگلینڈ کے دوران پیش آنے والے ایک مبینہ واقعے سے متعلق ہیں۔
پی سی بی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’بورڈ اپنی ذمہ داریوں کے تحت کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور قانونی حقوق کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتا ہے اور اسی مقصد کے تحت حیدر علی کو اس معاملے کے دوران مناسب قانونی معاونت فراہم کی گئی ہے تاکہ ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔‘
بورڈ نے مزید کہا کہ ’وہ برطانیہ کے قانونی نظام اور اس کی کارروائیوں کا مکمل احترام کرتا ہے اور اس بات کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے کہ تحقیقات کو قانون کے مطابق آگے بڑھنے دیا جائے۔‘
’اس حوالے سے پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ تحقیقات کے نتائج سامنے آنے تک حیدر علی کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’جیسے ہی قانونی کارروائی مکمل ہو جائے گی اور تمام حقائق سامنے آ جائیں گے پی سی بی اپنے ضابطہ اخلاق کے تحت مناسب کارروائی کرنے کا اختیار رکھتا ہے اگر ایسا ضروری ہوا۔‘
پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ ’جب تک قانونی عمل مکمل نہیں ہو جاتا، وہ اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کرے گا۔‘

 

شیئر: