ہیروئن کے غیرملکی سمگلر کو سزائے موت
قانون نافذ کرنے والے ادارے نے ہیروئن سمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی وزارت داخلہ نے جمعرات کو مکہ مکرمہ ریجن میں ہیروئن کے ایک غیرملکی سمگلر کی سزائے موت کے احکامات پر عمل درآمد کردیا۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان شہری محمد اصغر محبت کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ٹیموں نے ہیروئن سمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔
ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے شواہد کے ساتھ اسے عدالت میں بھیجا گیا جہاں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے مملکت کے قانون کے مطابق موت کی سزا کا حکم سنا دیا۔
ابتدائی عدالتی فیصلے کو اعلی عدالت نے بھی بحال رکھا۔ بعدازاں ایوان شاہی سے سزائے موت کے احکامات کی توثیق ہونے پر جمعرات کو مکہ ریجن میں وزارت داخلہ نے سزائے موت پر عمل درآمد کرادیا۔
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ سعودی حکومت اپنے شہریوں اور یہاں رہنے والے غیرملکیوں کو نشے کی ہلاکت خیزی سے بچانے کے لیے مستعد ہے۔ اس حوالے سے منشیات کی سمگلنگ میں جو بھی ملوث ہوگا اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
