Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوگل کے لیے نیا چیلنج،’چیٹ جی پی ٹی ایٹلس براؤزر‘ میں خاص کیا؟

اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی ایٹلس متعارف کروا دیا ہے جو طویل عرصے سے متوقع مصنوعی ذہانت سے چلنے والا ویب براؤزر ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق منگل کو متعارف کرائے جانے والا ویب براؤزر ایٹلس مشہور چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی پر مبنی ہے اور یہ گوگل کروم کی برتری کو براہِ راست چیلنج کرتا ہے۔ 
یہ لانچ اوپن اے آئی کی تازہ ترین کوشش ہے کہ وہ اپنے 80 کروڑ ہفتہ وار فعال چیٹ جی پی ٹی صارفین کی بنیاد پر اپنی رسائی کو بڑھائے، صارفین کے براؤزنگ رویے کے بارے میں مزید ڈیٹا حاصل کرے، اور ان کی آن لائن زندگی کے مزید پہلوؤں میں داخل ہو۔
اس مصنوعی ذہانت پر مبنی براؤزر کی وجہ سے انٹرنیٹ کی دنیا میں آنے والی تبدیلیوں میں مزید تیزی متوقع ہے جو روایتی لفظوں پر مبنی ’سرچ‘ کی بجائے گفتگو پر مبنی، خلاصہ تیار کرنے والے اے آئی ٹولز کے رجحان میں اضافہ کرے گا۔ اس کے باعث اوپن اے آئی اور گوگل کے درمیان مسابقت بھی بڑھ جائے گی۔
الفابیٹ جو گوگل کروم براؤزر کی مالک کمپنی ہے، کے حصص منگل کی دوپہر 1.8 فیصد تک کم ہو گئے تھے۔
روئٹرز نے اس سے قبل اوپن اے آئی کے براؤزر لانچ کے منصوبے کی اطلاع دی تھی۔
ایٹلس اب ایک ایسے مصنوعی ذہانت پر مبنی براؤزرز کی آپیشنز میں شامل ہو گیا ہے جن میں  پرپلیکسٹی کا کامیٹ، بریو براؤزر اور اوپرا کا نیون شامل ہیں۔  
یہ وہ براؤزرز ہیں جہاں کمپنیاں صارفین کو متوجہ کرنے کے لیے ایسے ٹولز شامل کر رہی ہیں جو ویب صفحات کا خلاصہ بنا سکیں، فارم بھر سکیں یا خودکار طور پر کوڈ تیار کر سکیں۔
ایٹلس صارفین کو کسی بھی ونڈو میں چیٹ جی پی ٹی سائیڈ بار کھولنے کی اجازت دیتا ہے تاکہ وہ مواد کا خلاصہ کر سکیں، مصنوعات کا موازنہ کر سکیں یا کسی بھی سائٹ سے ڈیٹا کا تجزیہ کر سکیں۔ 
ایجنٹ موڈ، جو فی الحال صرف ادائیگی کرنے والے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔  چیٹ جی پی ٹی صارفین کی جانب سے ویب سائٹس پر مکمل کام خود انجام دے سکتا ہے، جیسا کہ سفر کی منصوبہ بندی اور آن لائن خریداری۔
منگل کے روز لانچ کے دوران اوپن اے آئی کے ڈویلپرز نے دکھایا کہ چیٹ جی پی ٹی کیسے ایک آن لائن ریسیپی تلاش کرتا ہے اور پھر خودکار طور پر تمام اجزاء خرید لیتا ہے۔
بوٹ نے ’انسٹا کارٹ ‘ کی ویب سائٹ پر جا کر مطلوبہ اشیاء کو بکٹ میں شامل کیا اور یہ عمل چند منٹوں میں مکمل کر لیا۔
ChatGPT Atlas home screen in a web browser displaying a search bar with suggested prompts below it. The suggestions include: ‘Find holiday recipes,’ ‘Research holiday gifts,’ ‘Agent mode,’ and ‘Finish holiday shopping,’ each followed by short example queries like adding grocery items to Instacart or pulling product links from previous research.
چیٹ جی پی ٹی ایٹلس تاحال صرف میک او ایس یعنی ایپل میک بُکس پر متعارف کروایا گیا ہے۔ (فوٹو: اوپن اے آئی)

یہ براؤزر اس وقت ایپل کے میک بُکس پر عالمی سطح پر دستیاب ہے، جب کہ ونڈوز، آئی فونز اور اینڈرائیڈ کے ورژن بعد میں جاری کیے جائیں گے۔
سام آلٹمین کی قیادت میں اوپن اے آئی نے 2022 کے آخر میں چیٹ جی پی ٹی کے آغاز کے ساتھ ہی ٹیکنالوجی کی دنیا میں انقلاب برپا کر دیا تھا۔
ابتدائی کامیابی کے بعد کمپنی کو گوگل اور انتھروپک جیسے حریفوں سے سخت مقابلے کا سامنا ہے اور وہ ترقی کے نئے مواقع تلاش کر رہی ہے۔
دوسری جانب گوگل بھی چیٹ جی پی ٹی کے آغاز کے بعد سے انٹرنیٹ سرچ کے بدلتے رجحانات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اب ہر سرچ کے نتیجے میں سوال کی نوعیت کے لحاظ سے ایک AI Overview یا AI Mode ظاہر ہو سکتا ہے جو روایتی لنکس کے ساتھ چیٹ بوٹ جیسا تجربہ فراہم کرتا ہے۔ 
گزشتہ ماہ گوگل نے اپنے Gemini AI ماڈل کو کروم براؤزر میں امریکی صارفین کے لیے شامل کیا، اور اب وہ اسے iOS کے کروم ایپ میں بھی لانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
ستمبر میں ایک وفاقی جج نے گوگل کے حق میں فیصلہ دیا تھا کہ اسے کروم براؤزر فروخت کرنے کی ضرورت نہیں۔ 
Desktop browser window showing an Instacart integration with ChatGPT. On the left, the Instacart store page for Power Sporting Goods lists categories like Shoes, Sports Gear, and Camping, with product deals including sunscreen, pickleballs, beach towels, and a black bucket hat. On the right, ChatGPT responds to the prompt ‘Heading to the beach with the kids tomorrow! Can you grab the usual beach-day stuff?’ by confirming it’s fulfilling a beach essentials request and explaining its item choices, such as SPF 50 sunscreen.
چیٹ پی ٹی ایٹلس براؤس میں گفتگو اور سرچ کا امتزاج دیکھنے کو ملے گا۔ (فوٹو: اوپن اے آئے)

جج امت مہتا نے کہا کہ گوگل اپنے سرچ انجن کے فروغ کے لیے پارٹنرز کو ادائیگی جاری رکھ سکتا ہے، کیونکہ اب بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور سٹارٹ اپس کی جانب سے جنریٹیواے آئی میں بھاری سرمایہ کاری نے روایتی سرچ کے ماڈل کو خطرے میں ڈال دیا ہے، اس لیے ایسی ادائیگیاں قابلِ قبول ہیں۔
سٹیٹ کاؤنٹر کے مطابق مسابقت بڑھنے کے باوجود گوگل کروم نے اپنی برتری برقرار رکھی ہے، جو ستمبر میں عالمی براؤزر مارکیٹ کا 71.9 فیصد حصہ رکھتا ہے۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اوپن اے آئی کا نیا براؤزر ایڈورٹائزنگ مارکیٹ میں نئی مسابقت لا سکتا ہے۔
ڈی اے ڈیوڈسن کے تجزیہ کار گل لوریا کے مطابق، ’براؤزر میں چیٹ کو ضم کرنا اس بات کی علامت ہے کہ اوپن اے آئی مستقبل میں اشتہارات بیچنے کی تیاری کر رہی ہے، جو اس نے ابھی تک نہیں کیا۔ جب اوپن اے آئی اشتہارات فروخت کرنا شروع کرے گی تو یہ گوگل سے اشتہارات کی مد میں آمدنی کا ایک بڑا حصہ چھین سکتی ہے، خاص طور پر سرچ اشتہارات کی کیٹیگری میں جہاں گوگل کا موجودہ حصہ تقریباً 90 فیصد ہے۔

شیئر: