Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چینی کمپنی ’آنر‘ کا 2026 میں لانچ ہونے والا ’ربوٹ فون‘ کیا ہے؟

کمپنی کے مطابق یہ ’ربوٹ فون‘ آئندہ برس لانچ کیا جائے گا (فوٹو: آنر)
چین کی معروف سمارٹ فون کمپنی ’آنر‘ نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ برس  2026 میں ’ربوٹ فون‘ متعارف کروائے گی۔
ویب سائٹ ایچ سی کے مطابق اس ’روبوٹ فون‘ میں ایک فولڈ ایبل کیمرا ہوگا جو آٹومیٹک طریقے سے کام کرے گا۔
یہ نیا فون روایتی سمارٹ فونز کے مقابلے میں بالکل مختلف ڈیزائن  کے حامل ہوگا کیونکہ اس میں ایک معمول کے کیمرہ ہول کے بجائے ایک حرکت کرنے والا گیمبل کیمرہ ہوگا۔
یہ نیا ڈیزائن سمارٹ فون کی دہائیوں پرانی ساخت کو بدلنے کی ایک کوشش ہے جس کے ذریعے ’آنر‘ ایک علامتی اور منفرد روبوٹ فون متعارف کرانے جا رہا ہے۔
ابھی تک کمپنی نے صرف اس نئے موبائل کا اعلان کیا ہے اور اسے ’روبوٹ فون‘ کا نام دیا ہے تاہم اس کے بارے میں مزید تفصیلات بارسلونا میں ہونے والے ’موبائل ورلڈ کانگریس 2026‘ میں جاری کی جائیں گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ’یہ نیا منصوبہ جدید ٹیکنالوجی کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔‘
’آنر‘ نے ایکس پر ’ربوٹ فون‘ کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب پوری صنعت آئی فونز کے موازنے میں مصروف ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اس روایت کو توڑا جائے اور اصل مقصد پر توجہ دی جائے یعنی آپ کے لیے حقیقی قدر پیدا کرنا۔‘
پوسٹ میں مزید لکھا گیا کہ ’پیش ہے آنر روبوٹ فون، ایک انقلابی اے آئی ڈیوائس جو ملٹی ماڈل انٹیلیجنس، جدید روبوٹکس اور نیکسٹ جنریشن امیجنگ ٹیکنالوجی کا حسین امتزاج ہے۔‘
’آئی فون سے لے کر اے آئی فون اور اب ربوٹ فون تک کا یہ سفر، آنر الفا پلان میں ایک اہم سنگ میل ہے جس کا اعلان رواں سال کے اوائل میں کیا گیا تھا۔ یہ منصوبہ آنر کے اس مقصد کی جانب پیش رفت ہے کہ وہ عالمی سطح پر ایک مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیوائس ایکو سسٹم لیڈر بن سکے۔‘
اس سے قبل کمپنی نے اپنی ’میجک 8 سیریز‘ کی لانچ کے دوران ’روبوٹ فون‘ کے فولڈ آؤٹ کیمرا کے چند تصویری خاکے بھی شیئر کیے تھے۔
رپورٹس کے مطابق ’روبوٹ فون‘ ’آنر‘ کے اس بڑے منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت کمپنی اگلے پانچ برسوں میں مصنوعی ذہانت پر تقریباً 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی تاکہ وہ ایک عام ٹیک کمپنی کے بجائے ایک مکمل اے آئی ڈیوائس کمپنی بن سکے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر کے مطابق فون کے اوپر والے حصے میں ایک فولڈ آؤٹ کیمرا مکینزم موجود ہوگا جو ایک چھوٹے ربوٹ نما لینز کی صورت میں باہر نکلے گا۔
یوں لگتا ہے کہ آنر کا روبوٹ فون نہ صرف جدید ڈیزائن بلکہ مصنوعی ذہانت اور خودکار ٹیکنالوجی کے امتزاج سے مستقبل کے سمارٹ فونز کی دنیا میں ایک نیا انقلاب برپا کرے گا۔

شیئر: