پاکستان کے مرکزی بینک سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے یوم آزادی کے موقع پر 75 روپے کا سکہ جاری کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
100روپے کے نئے نوٹ جاری،اصلی نقلی کس طرح پہچانیں؟Node ID: 346196
-
سٹیٹ بینک کا رواں سال نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کا اعلانNode ID: 885039
-
پاکستان کے نئے کرنسی نوٹوں کے حتمی ڈیزائن طےNode ID: 892857
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ایکس پر کی گئی ایک پوسٹ کے مطابق 75 روپے کا سکہ انڈیا کے خلاف حالیہ جنگ ’معرکہ حق‘ اور یوم آزادی کی مناسبت سے جاری کیا گیا ہے۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ’وفاقی حکومت کی ہدایت پر سٹیٹ بینک آف پاکستان نے معرکہ حق میں مسلح افواج کی جرات اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور یومِ آزادی کو شایانِ شان منانے کے لیے 75 روپے مالیت کا یادگاری سکہ جاری کیا ہے۔‘
سکے کی دھاتی ساخت میں نِکل اور پیتل موجود ہے جس میں کاپر 79 فیصد، زنک 20 اور نِکل ایک فیصد ہے جبکہ یاد گاری سکے کا قطر 30 ملی میٹر اور وزن 13.5 گرام ہے۔
سکے کا سامنے کا رُخ
سکے کے سامنے والے رُخ پر بڑھا ہوا ہِلال اور پانچ نوکوں والا اُبھرتا ہوا ستارہ دکھائی دے رہا ہے جس کا رُخ شمال مغرب کی جانب ہے، چاند اور ستارے کے اوپر کنارے کے ساتھ ساتھ اردو میں ’اسلامی جمہوریہ پاکستان‘ کے الفاظ کندہ ہیں۔
#SBP issues Rs. 75/- Commemorative Coin to celebrate Marka-e-Haq & Independence Day. The coin is now available at all the offices of SBP Banking Services Corporation.
For details: https://t.co/phu1MpDZ9L pic.twitter.com/avAY5cErgB— SBP (@StateBank_Pak) August 15, 2025
چاند کے نیچے اور بالائی سمت مُڑتی ہوئی دو گندم کی بالیوں کے اوپر اجرا کا سال 2025 درج ہے جبکہ ہِلال کے دائیں اور بائیں جانب بالترتیب جلی اعداد میں 75 اور اردو میں کرنسی کا نام ’روپیہ‘ درج ہے۔
پچھلا رُخ
سکے کی پُشت پر وسط میں اردو میں ’معرکہ حق‘ تحریر ہے اور نیچے ہندسوں میں 2025 درج ہے۔ سکے کے اوپری کنارے کے ساتھ اردو میں ’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘ لکھا ہوا ہے۔
سکے پر دائیں اور بائیں جانب دو لڑاکا طیارے، بحری جہاز اور ملٹی راکٹ لانچر سسٹم اُبھرے ہوئے دکھائے گئے ہیں۔
یادگاری سکہ 15 اگست سے سٹیٹ بینک آف پاکستان بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کاؤنٹرز پر دستیاب ہے۔