غزہ میں اسرائیلی جارحیت ’ناقابلِ برداشت‘ ہے: ریڈ کراس
جمعرات 21 اگست 2025 14:38
غزہ کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل کے حملوں میں اب تک کم از کم 62,122 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ریڈ کراس نے جمعرات کو کہا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی وسیع پیمانے پر جارحیت ’ناقابلِ برداشت‘ ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج کی اس منصوبہ بندی، جس میں تقریباً 60,000 ریزرو فوجیوں کو طلب کیا گیا ہے، نے ان خدشات کو مزید گہرا کر دیا ہے کہ یہ مہم پہلے سے موجود انسانی بحران کو اور بدتر بنا دے گی۔
بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے چیف ترجمان کرسچن کارڈن نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’غزہ میں دشمنیوں میں شدت کا مطلب ہے مزید قتل و غارت، مزید نقل مکانی، مزید تباہی اور مزید خوف و ہراس۔‘
کارڈن نے کہا کہ ’غزہ ایک بند جگہ ہے، جہاں سے کوئی بھی فرار نہیں ہو سکتا... اور جہاں صحت کی سہولیات، خوراک اور محفوظ پانی تک رسائی دن بہ دن کم ہوتی جا رہی ہے۔‘
’دوسری طرف، امدادی کارکنوں کی سکیورٹی ہر گھنٹے کے ساتھ مزید خراب ہوتی جا رہی ہے۔ یہ ناقابلِ برداشت ہے۔‘
کارڈن ریڈ کراس کی زمینی انسانی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں، اور وہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے دوران لیے گئے اسرائیلی یرغمالیوں کے ہر تبادلے میں شریک رہے ہیں۔
251 یرغمالیوں میں سے جنہیں حماس نے اغوا کیا تھا، 49 اب بھی غزہ میں قید ہیں، جن میں سے 27 کے بارے میں اسرائیلی فوج کا ماننا ہے کہ وہ ہلاک ہو چکے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق، جنہیں اقوامِ متحدہ قابلِ اعتبار مانتی ہے، اسرائیل کے حملوں میں اب تک کم از کم 62,122 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں غالب اکثریت عام شہریوں کی ہے ۔
غزہ میں میڈیا پر پابندیاں اور متعدد علاقوں تک رسائی میں مشکلات کی وجہ سے اے ایف پی ان ہلاکتوں اور تفصیلات کی آزادانہ تصدیق کرنے سے قاصر ہے جو شہری دفاعی ایجنسی یا اسرائیلی فوج نے فراہم کی ہیں۔