Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں پہلی مرتبہ نیا تعلیمی سال دو مرحلوں میں شروع

’مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، جدہ اور طائف میں اتوار 31 اگست کو سکول کھلیں گے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں پہلی مرتبہ نیا تعلیمی سال دو مرحلوں میں شروع ہورہا ہے جہاں 11 ریجنوں میں کل اتوار سے سکول کھل جائیں گے جبکہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، جدہ اور طائف میں اتوار 31 اگست کو سکول کھلیں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق 6 ملین سے زائد طلبہ و طالبات کل اتوارکو تعلیمی اداروں میں واپس اپنے تعلیمی سفر کا آغاز کریں گے۔
نئے تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ ہی تمام علاقوں کی تعلیمی انتظامیہ نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، جن میں آپریشنل و مینٹیننس منصوبے اور جامع سہولیات شامل ہیں تاکہ ایک محفوظ اور ترغیب بخش تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے جو طلبہ میں نظم و ضبط اور محنت کی اقدار کو پروان چڑھائے اور ایک باہمت نسل کی تیاری میں مدد دے جو قومی ترقی میں کردار ادا کرے۔
وزارتِ تعلیم نے کامیاب آغاز کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں، جن میں 75 نئے تعمیری منصوبوں کی تکمیل شامل ہے جن پر 920 ملین ریال کی لاگت آئی ہے۔
 مزید برآں 15 ہزار سے زیادہ اسکول عمارتوں اور 884 ہزار سے زائد ایئر کنڈیشننگ یونٹس کی مرمت و دیکھ بھال پر دوبلین ریال سے زیادہ خرچ کیا گیا۔
 اسی طرح 1400 سے زائد تعلیمی عمارتوں کی بحالی اور ترقیاتی کام 782 ملین ریال کی لاگت سے مکمل کئے گئے تاکہ سہولیات کی کارکردگی بڑھے اور تعلیمی ماحول کے معیار میں بہتری آئے۔
اس کے علاوہ وزارت نے صفائی ستھرائی، درسی کتب کی بروقت تقسیم، تعلیمی عملے کی اسکولوں میں تعیناتی، اور تدریسی و انتظامی عملے کے تربیتی پروگرام مکمل کیے ہیں۔ اسی طرح تعلیمی نظام میں تکنیکی اقدامات اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو بھی فعال کیا گیا ہے۔
یہ تمام کاوشیں وزارت کے اس عزم کی عکاس ہیں کہ نیا تعلیمی سال سنجیدہ، منظم اور کامیاب انداز میں شروع ہو، تاکہ کارکردگی کی استعداد میں اضافہ ہو اور سیکھنے کے نتائج بہتر ہوں، جو وژن 2030 کے اہداف کے عین مطابق ہے۔

شیئر: