جنگلی حیات پر تحقیق کرنے والوں نے بتایا ہے کہ انھوں نے اس سال سمندر کے قریب منڈلانے والے پرندوں اور بڑے آبی جانوروں کو مملکت کے ساحلی علاقوں میں دیکھا ہے اور ان کا اندراج کیا ہے۔
سعوی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق، یہ بات نیشنل سینٹر فار وائلڈ لائف کی ایک رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔
تحقیق کاروں نےمجموعی طور پر 84516 ایسے پرندوں کا اندارج کیا ہے جو سمندر کے آس پاس دیکھے گئے۔

ان میں 50356 پرندے خلیج عرب کے مشرقی ساحل کے قریب دیکھے گئے اور 63 زمروں پر مشتمل 34160 پرندے، بحیرۂ احمر کے مغربی ساحلی علاقوں میں پائے گئے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق نیشنل سینٹر فار وائلڈ لائف نے 39 ایسی اہم سائٹس کی شناخت کا بھی اندراج کیا ہے جہاں تولیدی عمل میں مصروف یا نقل مکانی کرنے والے پرندے پائے گئے۔
ان میں سے پانچ مقامات کو برڈ لائف انٹرنیشنل کی جانب سے سرکاری طور پر مختلف النوع حیوانات اور نباتات کے ایک جگہ پر باہمی تعامل سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی توان کے لیے بنیادی اہمیت کے ایریاز قرار دیا گیا۔

نیشنل سینٹر فار وائلڈ لائف نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ انھوں نے غیر معمولی طور پر 1219 بڑے آبی جانوروں کو بھی دیکھا ہے جن میں سے 159 مشرقی ساحل اور 1060 مغربی ساحل پر تھے۔
یہ اعداد و شمار، مملکت کے آبی اور ساحلی ماحول میں، وائلڈ لائف مرکز کے نگرانی اور کھوج کے پروگرام کا ایک اہم حصہ ہیں۔
ایک بیان میں مرکز کی جانب سے کہا گیا کہ ’یہ نتائج واضح کرتے ہیں کہ سعودی عرب، مختلف اقسام کے جانوروں اور پودوں کے ایک جگہ ہونے سے جنم لینے والے متوازن ماحول کے تحفظ اور وژن 2030 کے نصب العین سے مطابقت رکھتے ہوئے، آبی حیات اور ساحلوں کے ماحولی نظام کی حفاظت اور قدرتی وسائل کو محفوظ رکھتے ہوئے اس نظام کی پائیدار ترقی کا پابند ہے۔‘
