Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گوگل میپس کی غلط رہنمائی سے‘ انڈیا میں وین دریا میں جا گری، 3 افراد ہلاک

انڈیا میں گوگل میپس استعمال کرنے کے دوران حادثوں کے متعدد واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔ (فوٹو: انڈیا ٹوڈے)
انڈیا کے صوبے راجستھان کے ضلع چِتوڑ گڑھ میں ایک کار حادثہ پیش آیا ہے جس میں تین افراد ہلاک اور ایک بچہ لاپتہ ہوگیا ہے۔ 
این ڈی ٹی وی کے مطابق بدھ کے روز پولیس نے بتایا کہ واقعہ مبینہ طور پر گوگل میپس کے استعمال کے دوران پیش آیا جب میپس کی ہدایت پر ایک وین ڈرائیور نے بند پل پر گاڑی چڑھا دی جس کے بعد گاڑی بناس ندی کے پانی میں بہہ گئی۔
یہ واقعہ منگل کے روز اس وقت پیش آیا جب ایک خاندان بھِلوارہ سے مذہبی یاترا کے بعد واپس آ رہا تھا اور انہوں نے نہر پر بنے ایک بند کلورٹ کو پار کرنے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق ڈرائیور جو گوگل میپس پر انحصار کر رہا تھا، انجانے میں وین کو سومی اپریڈا پل پر لے گیا جو کئی ماہ سے بند تھا۔ جیسے ہی وین پل پر داخل ہوئی تو پھنس گئی اور تیز بہاؤ کے باعث ندی میں بہہ گئی۔ 
اس حادثے میں چار افراد ہلاک ہوئے جبکہ پانچ افراد نے وین کی چھت پر چڑھ کر اپنی جان بچائی۔
چِتوڑ گڑھ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس منیش تریپاٹھی نے بتایا کہ بناس ندی میں پانی کے شدید بہاؤ کی وجہ سے تمام راستے بند تھے، تاہم ڈرائیور نے ایک بند پل سے گزرنے کی کوشش کی اور یوں خاندان سومی-اپریڈا پل تک جا پہنچا جو کچھ ماہ سے بند تھا۔ 
انہوں نے کہا ’وین میں موجود لوگوں نے کھڑکی توڑ کر چھت پر چڑھنے کی کوشش کی۔ ان میں سے ایک نے اپنے رشتہ دار کو فون کیا جس نے پولیس کو اطلاع دی۔ سٹیشن انچارج راشمی دیویندر سنگھ فوراً موقع پر پہنچے اور کشتی کا انتظام کیا۔ اندھیرے میں خاندان تک پہنچنا مشکل تھا لیکن پولیس اور مقامی لوگوں نے بہترین کام کیا اور گاڑی تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔‘
ایس پی نے مزید بتایا کہ خاندان کے افراد موبائل کی ٹارچ سے ریسکیو ٹیم کو اشارہ کر رہے تھے، تاہم جب تک پولیس موقع پر پہنچی دو خواتین اور دو بچے پانی کے بہاؤ میں بہہ چکے تھے۔ مجموعی طور پر پانچ افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد دو خواتین اور ایک بچے کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ دوسرے بچے کی تلاش جاری ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت چندا، ان کی بیٹی رُتوی، ممتا اور ان کی بیٹی خوشی کے نام سے ہوئی ہے۔
انڈیا میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے، اس طرح کا ایک اور واقعہ کچھ روز قبل سامنے آیا جب حیدرآباد کے سیاحوں کا ایک گروپ کیرالہ میں حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچا۔ 
سیاح گوگل میپس کی مدد سے سیر کے لیے نکلے تھے۔ اس دوران سڑک پر سیلابی پانی جمع تھا پھر بھی گوگل میپس وہی روڈ دکھا رہا تھا۔ چونکہ رات تھی اس لیے سیاحوں کو یہ احساس نہیں ہوا کہ سڑک پوری طرح پانی میں ڈوبی ہوئی ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے مطابق پولیس نے ہفتہ کے روز بتایا کہ حیدرآباد سے سیاحوں کا ایک گروپ جنوبی کیرالہ ضلع کے کروپپنتھرا کے قریب پانی سے بھری ندی میں جا گرا۔ سیاح راستہ معلوم کرنے کے لیے گوگل میپس کا استعمال کر رہے تھے۔
یہ واقعہ جمعہ کی رات دیر گئے اس وقت پیش آیا جب سیاح الپوجھا کی طرف جارہے تھے۔ سیاحوں میں ایک خاتون سمیت چار افراد شامل تھے۔

 

شیئر: