Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: راجستھان کی ’ریکھا‘ کے ہاں 17ویں بچے کی پیدائش

ریکھا کے نواسے نواسیاں اور پوتے پوتیاں بھی ہیں (فوٹو: ایکس)
انڈیا کی ریاست راجستھان کے ضلع اُدے پور کی تحصیل جھاڑول کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں 55 سالہ ریکھا کلبیلیا نے اپنے 17ویں بچے کو جنم دیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ریکھا کے شوہر کا نام کوارا رام کلبیلیا ہے اور ان کے 17ویں بچے کی پیدائش کے موقع پر ان کے رشتہ داروں، اہلِ گاؤں کے علاوہ ان کے اپنے نواسے نواسیاں اور پوتے پوتیاں بھی خوشی کے اظہار کے لیے موجود تھے۔
ریکھا اور کاوارا رام کے ہاں اب تک کُل 17 بچے پیدا ہو چکے ہیں جن میں سے پانچ (چار بیٹے اور ایک بیٹی) پیدائش کے فوراً بعد انتقال کر گئے تھے۔ اس وقت ان کے 12 بچے زندہ ہیں جن میں سات بیٹے اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔
کوارا رام کے مطابق ان کے دو بیٹے اور تین بیٹیاں شادی شدہ ہیں اور ان کے دو سے تین بچے بھی ہیں۔ اس طرح ریکھا اپنے سب سے چھوٹے بچے کی پیدائش سے پہلے  کئی بار دادی اور نانی بن چکی ہیں۔
تاہم خاندان کی مالی حالت انتہائی خراب ہے۔ کاوارا رام کباڑ کا کام کرتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ بچوں کی شادیوں کے لیے انہیں سود پر قرض لینا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’خاندان کا کوئی بھی فرد کبھی سکول نہیں گیا۔‘
17ویں بچے کی پیدائش کے موقع پر ریکھا کو طبعی مشورے اور علاج فراہم کرنے والی ڈاکٹر روشن درنگی نے بتایا کہ ’ابتدا میں ریکھا نے یہ ظاہر کیا کہ یہ ان کی چوتھی ڈیلیوری ہے۔ بعد میں معلوم ہوا کہ وہ پہلے ہی 16 بار بچے کو جنم دے چکی ہیں جن میں سے پانچ بچے زندہ نہیں رہ سکے۔‘
ڈاکٹر نے کہا کہ ’بار بار زچگی کے باعث پیدائشی عمل کی پیچیدگی کے باعث ماں اور بچے کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے تاہم خوش قسمتی سے یہ ولادت بغیر کسی مشکل کے مکمل ہوئی۔‘

شیئر: