’ہر آزمائش کو شکست دی جا سکتی ہے‘، بالی وُڈ کی وہ اداکارائیں جنہوں نے دلیری سے کینسر کا مقابلہ کیا‘
جمعہ 29 اگست 2025 19:08
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
حنا خان کے شوہر راکی جیسوال ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ کے پروڈیسر تھے (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وُڈ کی چمک دمک اور گلیمر کے پیچھے بھی زندگی کی بھیانک مشکلات چُھپی ہوتی ہیں۔
کئی نامور اداکاراؤں نے کینسر جیسے موذی مرض کا سامنا نہایت حوصلے اور دلیری سے کیا اور اپنی ذاتی جدوجہد کو لاکھوں افراد کے لیے امید کی کرن بنا دیا۔
شوبز ویب سائٹ کوئی موئی کے مطابق سونالی بیندرا سے حنا خان تک بالی وُڈ کی کئی سُپر ماڈلز اور اداکارائیں بہادری کے ساتھ کینسر سے لڑیں۔
آئیے جانتے ہیں بالی وُڈ کی اُن پانچ اداکاراؤں کے بارے میں جنہوں نے کینسر کا دلیری سے مقابلہ کیا۔
سونالی بیندرے
سونالی بیندرے کے مداح ہمیشہ سے ہی ان کی مسکراہٹ اور خوب صورت اداکاری کی وجہ سے انہیں پسند کرتے آئے ہیں۔
انہوں نے جولائی 2018 میں انکشاف کیا کہ انہیں ایک خطرناک قسم کا کینسر لاحق ہے جو ان کے جسم کے دیگر حصوں میں بھی پھیل چکا ہے۔
اس کے بعد 50 سال کی اداکارہ نے نیویارک میں اپنا علاج کروایا اور بیماری کے سفر کو سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر بھی کیا۔
انہوں نے موذی مرض کے علاج کے دوران کیموتھراپی، بال منڈوانے اور دیگر مشکل مراحل کو بھی بے خوفی سے سب کے سامنے پیش کیا۔
سونالی بیندرے نے نہ صرف علاج کی تکلیفیں بیان کیں بلکہ یہ بھی باور کروایا کہ ابتدائی مراحل میں کینسر کی تشخیص قابل علاج ہوتی ہے۔
منیشا کوئرالہ
بالی وُڈ کی مشہور فلم ’دل سے‘ کی اداکارہ منیشا کوئرالہ کو سنہ 2012 میں بیضہ دانی کے کینسر (اوورین کینسر) کی تشخیص ہوئی۔ انہوں نے امریکہ میں اپنا مکمل علاج کروایا اور سنہ 2015 میں موذی بیماری سے نجات حاصل کی۔
منیشا کوئرالہ نے اپنے تجربات کو اپنی کتاب ’ہیلڈ: ہاؤ کینسر گیو می اے نیو لائف‘ میں قلم بند کیا ہے جس میں انہوں نے کیموتھراپی کے تکلیف دہ لمحات اور اپنے خاندان کی غیرمتزلزل حمایت کا ذکر کیا۔
صحت یابی کے بعد وہ کینسر سے متعلق آگاہی کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔
حنا خان
بالی وُڈ کی مشہور کشمیری اداکارہ حنا خان نے حال ہی میں انکشاف کیا تھا کہ ان میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔ اپنے ٹی وی کرداروں اور ریئلٹی شوز میں شرکت سے شہرت پانے والی 37 سال کی حنا خان نے بیماری کو خفیہ رکھنے کے بجائے اس پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے کینسر کی ابتدائی تشخیص کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اپنے علاج کی جھلکیاں مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔
حنا خان کی مثبت سوچ اور دلیری نے کئی خواتین کو اپنی صحت کے بارے میں سنجیدہ ہونے کی ترغیب دی ہے۔
کرن کھیر
معروف اداکارہ اور سیاست دان کرن کھیر میں 2020 میں خون کے کینسر کی تشخیص ہوئی۔ کرن کھیر اپنی جاندار اداکاری اور خوش مزاج شخصیت کے لیے جانی جاتی ہیں۔
73 برس کی اداکارہ کی بیماری کی خبر نے ان کے مداحوں کو پریشان کر دیا۔
علاج کے دوران کرن کھیر نے حوصلہ نہیں ہارا اور اپنے شوہر اداکار انوپم کھیر کے مکمل تعاون کے ساتھ اس سفر کو گزارا۔ سوشل میڈیا اور انٹرویوز کے ذریعے وہ مداحوں کو اپنے حالات سے آگاہ کرتی رہیں۔
کرن کھیر کی جدوجہد ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ ایک مثبت رویہ بہت سے دکھوں کو کم کر سکتا ہے۔
لیزا رے
فلم ’قصور‘ اور ’واٹر‘ سے مقبولیت حاصل کرنے والی اداکارہ لیزا رے میں 2009 میں خون کے کینسر کی تشخیص ہوئی۔ انہوں نے بیماری کے دوران روایتی علاج کے ساتھ ساتھ متبادل طریقوں کو بھی اپنایا اور اپنی جسمانی و ذہنی صحت کو ترجیح دی۔
انہوں نے کینسر کے دوران کے تجربات کو ’دی ییلو ڈائریز‘ نامی بلاگ کے ذریعے دنیا سے شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے کھل کر اپنی تکالیف، امیدوں اور تجربات کا ذکر کیا۔
سنہ 2010 میں لیزا رے نے اعلان کیا کہ انہوں نے کینسر سے چھٹکارا حاصل کر لیا ہے۔ اس کے بعد سے وہ کینسر سے متعلق آگاہی کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔
یہ تمام اداکارائیں صرف سکرین پر ہی نہیں بلکہ اپنی اصل زندگی میں بھی ہیرو ثابت ہوئی ہیں۔ ان کی کہانیاں ہمیں سکھاتی ہیں کہ حوصلے، صبر اور امید سے بڑی سے بڑی آزمائش کو شکست دی جا سکتی ہے۔
