Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل کے فضائی حملے میں یمن کے حوثی وزیراعظم ہلاک، حوثیوں کی تصدیق

حوثیوں کا یمن کے بڑے حصے پر قبضہ ہے جو سنہ 2014 سے جنگ کی لپیٹ میں ہے (فائل فوٹو: ایکس، وزگریڈ)
یمن کے حوثیوں کے وزیراعظم اور ان کے ساتھی حکام اسرائیل کے ایک فضائی حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایران کے حمایت یافتہ عسکریت پسند حوثی باغیوں نے سنیچر کو ایک بیان میں انکشاف کیا کہ ان کے وزیراعظم رواں ہفتے کے آغاز میں مارے گئے ہیں۔
حوثیوں کی جانب سے احمد غالب نصر الرحاوی کو گزشتہ برس وزیراعظم مقرر کیا گیا تھا، وہ غزہ کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل کے مسلسل فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والے اعلٰی ترین عہدے پر فائز شخصیت تھے۔
حوثی باغیوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ہم جنگجو احمد غالب نصر الرحاوی کی ان کے ساتھی وزراء سمیت اسرائیلی حملے میں شہادت کا اعلان کرتے ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ان کے دیگر زخمی ساتھیوں کا جمعرات کے بعد سے علاج جاری ہے۔‘
اسرائیلی فوج نے جمعرات کو صنعاء کے علاقے میں حملہ کیا تھا جو حوثیوں کے زیرِقبضہ دارالحکومت ہے۔
واضح رہے کہ حوثی فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا دعویٰ کرتے ہوئے غزہ کی جنگ کے دوران اکثر اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملے کرتے رہے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے جمعرات کو کہا تھا کہ ’اسرائیلی افواج نے ایک حوثی دہشت گرد حکومت کے فوجی ہدف کو نشانہ بنایا ہے۔‘
غزہ کی جنگ کے دوران حوثیوں نے بحیرۂ احمر اور خلیج عدن میں ان جہازوں کو بھی نشانہ بنایا جنہیں وہ اسرائیل سے منسلک سمجھتے ہیں۔
حوثیوں کا یمن کے بڑے حصے پر قبضہ ہے جو سنہ 2014 سے جنگ کی لپیٹ میں ہے اور ایران کے مخالفِ اسرائیل اتحاد کا حصہ ہے۔ اس اتحاد میں مشرقِ وسطیٰ کے کئی عسکری گروہ شامل ہیں۔

 

شیئر: