95 فیصد کارکنوں کو صحت خدمات کے لئے کوریج حاصل
’32.2 فیصد کارکنوں کو ان کے آجروں کی طرف سے باقاعدہ طبی معائنہ فراہم کیا جاتا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ شماریات نےکہا ہے کہ سعودی عرب میں 95 فیصد کارکنوں کے پاس بنیادی صحت خدمات کے لیے کوریج موجود ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’32.2 فیصد کارکنوں کو ان کے آجروں کی طرف سے باقاعدہ طبی معائنہ فراہم کیا جاتا ہے‘۔
محکمہ شماریات نے 2024 کے دوران صحت و تحفظ محنت کے نتائج جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کام کے دوران لگنے والی چوٹوں کی شرح ہر ایک لاکھ کارکنوں پر 245.7 غیر مہلک چوٹیں اور 1.1 مہلک چوٹیں ریکارڈ کی گئیں، اس میں ٹریفک حادثات سے ہونے والی چوٹیں شامل نہیں ہیں‘۔
اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ ’39 فیصد کارکنوں نے صحت و تحفظِ محنت کے طریقہ کار کی تربیت حاصل کی ہے جبکہ 40.4 فیصد کارکنوں کو اپنے کام کی جگہ پر صحت و تحفظِ محنت کے لیے مخصوص انتظامیہ تک رسائی حاصل ہے‘۔
اعداد و شمار سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ کام کی جگہ پر خطرات کے حوالے سے 5.4 فیصد کارکن خطرناک مشینوں کے ساتھ کام کرتے ہیں، 2.1 فیصد کیمیکلز سے نمٹتے ہیں اور 1 فیصد بھاری دھاتوں کے اثر میں آتے ہیں۔
سروے نتائج میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران سب سے زیادہ سامنے آنے والا مسئلہ کام سے متعلق ذہنی دباؤ (2.1 فیصد) رہا، اس کے بعد آنکھوں اور بصارت کے مسائل (2 فیصد) جبکہ 79.5 فیصد کارکنوں نے بتایا کہ انہیں صحت کے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔