افغانستان، نائیجیریا اور شام میں رضاکارانہ طبی خدمات
’افغانستان کے شہر جلال آباد میں مرکز نے ’نور سعودی عرب‘ پروگرام کا آغاز کیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد نے اگست اور ستمبر 2025 کے دوران أفغانستان، نائیجیریا اور شام میں متعدد رضاکارانہ طبی پروگرامز کا انعقاد کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ پروگرام ضرورت مند ممالک کے صحت کے شعبے کو سہارا دینے اورمستحق افراد کو طبی نگہداشت فراہم کرنے کے لئے ہیں۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’افغانستان کے شہر جلال آباد میں مرکز نے ’نور سعودی عرب‘ پروگرام کا آغاز کیا ہے‘۔
’یہ مہم البصر فاؤنڈیشن کے تعاون سے چلائی گئی ہے جس میں 1465 مریضوں کا معائنہ کیا گیا اور 41 کامیاب آپریشن کئے گئے ہیں‘۔
’اسی طرح نائیجیریا کی ریاست کانو میں دل کی جراحی کا پروگرام 25 اگست کو شروع کیا گیا جس میں 25 طبی و نرسنگ رضاکار شریک ہوئے‘۔
’مہم کے دوران ٹیم نے 33 کیتھٹرائزیشن اور 6 اوپن ہارٹ آپریشن کئے ہیں جو سب کامیاب رہے‘۔
’شام کے شہر دمشق میں پلاسٹک سرجری اور ماہر کلینکس کے دو طبی منصوبے شروع کئے گئے جن میں 11 رضاکار شریک ہوئے‘۔
’ اس دوران 40 مریضوں کا معائنہ اور 26 پلاسٹک سرجری آپریشن، 15 خواتین کا معائنہ اور 3 زچگی و امراضِ نسواں کے آپریشن، نیز فیملی میڈیسن کلینک میں 35 مریضوں کا معائنہ کیا گیا‘۔