Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ان کو کیا ہو گیا؟‘، معروف ہالی وڈ اداکار ’دی راک‘ کے وزن میں بڑی کمی کی وجہ کیا؟

ڈوین جانسن گزشتہ روز وینس فلم فیسٹیول میں اپنی فلم کے پریمئر کے لیے شریک ہوئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کے سابق ریسلر اور ہالی وڈ کے معروف اداکار ڈوین جانسن کا اچانک سوشل میڈیا پر کافی چرچہ ہو رہا ہے اور اس کی سب سے بڑی وجہ ان کے وزن میں کمی ہے۔
برطانوی ویب سائٹ ڈیلی میل کے مطابق پیر کو ایک ریڈ کارپٹ تقریب میں ڈوین جانسن اپنے واضح دُبلے پتلے حلیے میں نظر آئے جو اُن کی حالیہ وزن کم کرنے کی تبدیلی کا نتیجہ ہے۔
53 سالہ اداکار جو دی راک کے نام سے مشہور ہیں، اپنی نئی فلم ’دی سمیشنگ مشین‘ کی تشہیر کے لیے وینس فلم فیسٹیول میں شریک ہوئے تھے۔
ہالی وڈ سٹار نے تقریب میں ڈبل بریسٹڈ سوٹ اور سفید شرٹ زیب تن کر رکھی تھی اور ساتھ کالے جوتے اور گول فریم کے چشمے پہنے ہوئے تھے۔
اداکار اپنی بھاری بھرکم جسامت اور فٹنس کے باعث جانے جاتے ہیں اور ان کے وزن میں تبدیلی دیکھتے ہی سوشل میڈیا پر چرچے ہونے لگے کہ اس وزن میں کمی کی وجہ کیا ہو سکتی ہے؟
فلم کے پریمیئر کے دوران کی ویڈیوز بھی منظر عام پر آئی ہیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب سکریننگ ختم ہوئی تو ناظرین 15  منٹ تک کھڑے ہو کر داد دیتے رہے۔ اس دوران ادکار کی آنکھیں بھی نم ہو گئیں۔
جہاں کچھ مداحوں نے ان کی تبدیلی پر تشویش کا اظہار کیا، وہیں دوسروں نے فوراً واضح کیا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور صحت مند ہیں۔
ایک ایکس صارف نے یہ بھی لکھا کہ ’ڈوین مکمل طور پر ٹھیک ہیں، آج کل انٹرنیٹ پر سب اداکاروں کو بیمار کیوں قرار دے رہے ہیں، یہ تبدیلی ان کی آنے والی فلم کے لیے تیاری کا حصہ تھی۔‘
واضح رہے کہ ڈوین جانسن کی نئی فلم ’دی سمیشنگ مشین‘ جو مارشل آرٹس اور یو ایف سی کے چیمپئن ’مارک کَر‘ کی زندگی پر مبنی ہے، اداکار کے لیے ایک بالکل نیا چیلنج ثابت ہوئی۔
اس کردار کے لیے اداکار نے تقریباً 60 پاؤنڈ وزن کم کیا، پروستھیٹکس اور وِگ کا استعمال کیا تاکہ وہ 56 سالہ سابق ریسلر اور ایم ایم اے چیمپئن کے زیادہ مشابہ لگ سکیں۔

ڈیون جانسن کے وزن میں کمی پر مداح کئی قسم کے سوالات کرتے دکھائی دیے۔ (فوٹو: گیٹی ایمجز)

اس ڈرامہ فلم میں جانسن نہ صرف کَر کی رِنگ میں کارکردگی دکھاتے ہیں بلکہ اُن کے نشے کی لت سے جُڑے ذاتی مسائل کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔
جانسن نے ’دی ہالی وُڈ رپورٹر‘ سے بات کرتے ہوئے کہا ’یہ تبدیلی کرنے کی مجھے واقعی خواہش تھی۔ مجھے اپنے کریئر میں بڑی خوش قسمتی ملی ہے، میں نے بڑی فلمیں کی ہیں لیکن میرے اندر ایک چھوٹی سی آواز تھی جو کہتی تھی کہ اگر میں مزید کچھ کر سکوں تو؟ میں اور زیادہ کام کرنا چاہتا ہوں اور وہ کیسا لگے گا؟‘

دی راک اپنی نئی فلم ’دی شمیشنگ مشین میں بالکل منفرد حلیے میں دکھائی دے رہے ہیں۔ (فوٹو: A24)

فلم کی نمائش کے بعد پریس کانفرنس میں جانسن نے مارک کَر کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’مارک ایک وقت دنیا کے سب سے بہترین فائٹر تھے، لیکن یہ فلم دراصل فائٹنگ کے بارے میں نہیں ہے، یہ ایک محبت کی کہانی ہے۔ یہ کہانی مارک اور ڈان (سٹیپلز، جس کا کردار ایملی بلنٹ نے ادا کیا) کے رشتے کی ہے۔ اور یہ مارک کی اس محبت کی کہانی ہے جو اُنہوں نے اپنے کام کے ساتھ کی اور چیلنجز کو عبور کیا۔‘
انہوں نے جذباتی انداز میں مزید کہا ’جیسا کہ آپ جانتے ہیں، مارک دو بار اوور ڈوز کا شکار ہوئے اور خوش قسمت رہے کہ وہ زندہ ہیں اور یہی اس کہانی کو خاص بناتا ہے۔‘
جون میں جانسن ’ڈاکٹر مارک ہائمن شو‘ میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے بتایا کہ کس طرح انہوں نے اپنی آنتوں کے مسئلے کے علاج کے لیے فنکشنل میڈیسن کے ماہر سے مدد لی۔
جانسن نے ڈاکٹر مارک سے  کہا ’آپ نے بہت مختصر اور صاف کہا تھا، میں تمہاری علامات کا علاج نہیں کروں گا بلکہ اصل جڑ تک جاؤں گا اور میں نے فوراً کہا کہ مجھے یہ پسند ہے۔‘
ٹیسٹ سے پتا چلا کہ بار بار اینٹی بائیوٹکس لینے سے اُن کی آنتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ڈاکٹر ہائمن نے وضاحت کی ’ہم نے بنیادی طور پر آپ کی آنتوں کو ٹھیک کیا۔ آپ کو پروبایوٹکس دیے، پودوں سے حاصل شدہ اجزاء  جیسے انار، گرین ٹی، کرین بیری دیے تاکہ آپ کا مسئلہ ٹھیک ہو سکے۔ اور ہم نے آپ کے لیے ایک زبردست گٹ ہیلتھ شیک بنایا جس میں 10 سے زیادہ اجزاء تھے اور جو خاص طور پر آپ کے لیے بنائے گئے تھے۔‘

شیئر: