پاکستان کی میزبانی میں پہلی مرتبہ ٹی20 ٹرائی سیریز، کون سی ٹیمیں شامل؟
اتوار 7 ستمبر 2025 15:21
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
افغانستان پہلی مرتبہ پاکستان کی سرزمین پر ٹی20 میچ میں ان ایکشن ہو گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ وہ نومبر میں اپنی تاریخ کی پہلی ٹی20 انٹرنیشنل ٹرائی سیریز کی میزبانی کرے گا۔
اس سہ ملکی ایونٹ میں پاکستان کے ساتھ افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
پی سی بی کے مطابق ٹرائی سیریز نومبر کی 17 سے 29 تاریخ تک لاہور اور راولپنڈی میں کھیلی جائے گی تاہم اس کا مقصد تینوں ٹیموں کو آئندہ سال انڈیا اور سری لنکا میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل تیاری کا موقع فراہم کرنا ہے۔
سیریز کا آغاز راولپنڈی سے
ٹرائی سیریز کا پہلا میچ 17 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔
یہ پہلا ایسا موقع ہو گا جب افغانستان کی ٹیم پاکستان کی سرزمین پر مرتبہ ٹی20 کرکٹ میچ میں ایکشن میں ہو گی۔
سیریز کا دوسرا میچ 19 نومبر کو اسی سٹیڈیم میں سری لنکا اور افغانستان کے درمیان ہوگا تاہم اس کے بعد باقی تمام میچز بشمول فائنل لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں منعقد ہوں گے، فائنل 29 نومبر کو شیڈول ہے۔
جنوبی افریقہ کی سیریز کے بعد
یہ ٹرائی سیریز پاکستان کے لیے ایک اور بڑا ایونٹ ہے جو اکتوبر اور نومبر میں ہونے والی پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ سیریز کے بعد منعقد کی جائے گی۔
جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں دو ٹیسٹ میچز شامل ہوں گے جو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہیں۔ اس کے علاوہ تین ایک روزہ اور تین ٹی20 میچز بھی شامل ہوں گے۔ یہ سیریز 12 اکتوبر سے آٹھ نومبر تک جاری رہے گی اور اس کے فوراً بعد ٹرائی سیریز کا آغاز ہوگا۔
پی سی بی کا مؤقف
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے اس موقع پر کہا ہے کہ ’ہم سری لنکا اور افغانستان کو پاکستان کی پہلی ٹی20 ٹرائی سیریز کے لیے خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں۔ یہ ایونٹ نہ صرف ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے بہترین موقع ہوگا بلکہ شائقین کو بھی بھرپور کرکٹ ایکشن دیکھنے کو ملے گا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پی سی بی نے رواں سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور خواتین ورلڈ کپ کوالیفائر کی کامیاب میزبانی کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان عالمی سطح کے مقابلوں کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔‘
سیریز کا شیڈول
ٹی20 ٹرائی سیریز کا آغاز 17 نومبر کو راولپنڈی میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ سے ہوگا جبکہ دوسرا میچ 19 نومبر کو سری لنکا اور افغانستان کے درمیان راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا۔
اس کے بعد سیریز لاہور منتقل ہو جائے گی جہاں 22 نومبر کو پاکستان اور سری لنکا، 23 نومبر کو پاکستان اور افغانستان، جبکہ 25 نومبر کو سری لنکا اور افغانستان آمنے سامنے ہوں گے۔
لاہور ہی میں 27 نومبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ ہوگا جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 29 نومبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
اس ٹرائی سیریز کو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے سفر میں ایک اور سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے جس سے نہ صرف کرکٹرز کو عالمی معیار کی تیاری کا موقع ملے گا بلکہ شائقین کو بھی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
