یروشلم میں بس سٹاپ پر فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک، 15 زخمی
فائرنگ شمالی یروشلم کے ایک بڑے چوراہے پر ہوئی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
یروشلم میں دو حملہ آوروں نے ایک مصروف چوراہے پر بس سٹاپ پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق پیر کو پیرامیڈکس نے بتایا کہ اس حملے میں مزید 15 افراد زخمی ہوئے جن میں سے چھ کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے بس سٹاپ پر انتظار کرتے لوگوں پر گولیاں چلائیں، جبکہ اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ حملہ آوروں نے ایک بس میں بھی داخل ہو کر وہاں فائرنگ کی۔
ایک سکیورٹی اہلکار اور ایک شہری نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو گولی مار کر مزید حملہ روک دیا۔ تاہم پولیس نے فوری طور پر حملہ آوروں کی شناخت یا ان کی حالت کے بارے میں تبصرہ نہیں کیا۔
یہ فائرنگ شمالی یروشلم کے ایک بڑے چوراہے پر ہوئی جو مشرقی یروشلم میں واقع یہودی بستیوں کی طرف جانے والی سڑک پر واقع ہے۔
حملے کی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صبح کے مصروف اوقات میں درجنوں افراد بس سٹاپ سے بھاگتے نظر آئے۔ جائے وقوعہ پر پہنچنے والے پیرامیڈکس کے مطابق وہاں افرا تفری کا عالم تھا، ہر طرف ٹوٹے ہوئے شیشے بکھرے ہوئے تھے اور زخمی افراد سڑک اور فٹ پاتھ پر بے ہوش پڑے تھے۔
فوری طور پر کسی فلسطینی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
غزہ کی جنگ کے بعد سے مقبوضہ مغربی کنارے اور اسرائیل میں پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ فلسطینی عسکریت پسندوں نے اسرائیل اور مغربی کنارے میں اسرائیلیوں پر حملے کیے ہیں جبکہ فلسطینیوں کے خلاف آبادکاروں کے تشدد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
اگرچہ گزشتہ مہینوں میں اسرائیل میں حملے ہوتے رہے ہیں، لیکن آخری بڑا مہلک فائرنگ کا واقعہ اکتوبر 2024 میں پیش آیا تھا، جب مغربی کنارے سے تعلق رکھنے والے دو فلسطینیوں نے تل ابیب کے ایک مرکزی سڑک اور ریل سٹیشن پر فائرنگ کی، جس میں سات افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری حماس کے عسکری ونگ نے قبول کی تھی۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے یافا کے علاقے میں فائرنگ کی، اور ایک لائٹ ریل کیریج پر بھی سیدھی گولیاں چلائیں، جو اس وقت ایک سٹیشن پر کھڑی تھی اور مسافروں سے بھری ہوئی تھی۔
اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق، جنگ کے آغاز سے لے کر جولائی 2025 تک فلسطینیوں کے حملوں میں اسرائیل یا مغربی کنارے میں کم از کم 49 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔
اسی مدت میں، اسرائیلی فورسز اور شہریوں کے ہاتھوں اسرائیل اور مغربی کنارے میں کم از کم 968 فلسطینی ہلاک ہوئے۔