Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی وفد کا دورہ کراچی، کیا پاکستان سے امریکہ کے لیے براہِ راست پروازیں بحال ہونے جا رہی ہیں؟

پاکستان سے امریکہ کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں، کیونکہ کئی برسوں بعد امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ چکا ہے اور اس نے پیر کو پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ہیڈکوارٹر کراچی میں اپنے باضابطہ سیشن کا آغاز کر دیا ہے۔
ماہرین امکان ظاہر کررہے ہیں کہ امریکی وفد کا اگر یہ دورہ مثبت رہا تو آنے والے دنوں میں پاکستان سے امریکہ کے لیے براہِ راست پروازوں کا آغاز ہوسکتا ہے۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کے وفد کا حالیہ دورہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایوی ایشن کے شعبے میں تعاون کے ایک نئے باب کی بنیاد ہے۔ یہ آڈٹ نہ صرف پاکستان کے فضائی نظام کی شفافیت اور تکنیکی صلاحیت کا جائزہ لے گا بلکہ ہمارے موجودہ ڈھانچے کی بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگی کا بھی ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔‘
تاہم ترجمان نے اس بات کی نہ تو تصدیق کی اور نہ ہی تردید کہ آیا اس دورے کے بعد پاکستان سے امریکہ کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی ممکن ہو سکے گی یا نہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ’ایف اے اے کی ٹیم پورے ہفتے کے دوران مختلف شعبہ جات کے ساتھ منظم انداز میں ملاقاتیں کرے گی، جن میں ریگولیٹری اور آپریشنل دستاویزات کی تصدیق، موجودہ سسٹمز کا جائزہ، اہلکاروں سے انٹرویوز اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق قانونی و تکنیکی ڈھانچے کی جانچ شامل ہے۔‘
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک سینیئر افسر نے اردو نیوز کو نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’اس دورے کی تیاریاں کئی ہفتے پہلے مکمل کر لی گئی تھیں۔ ڈی جی سول ایوی ایشن کی ہدایت پر تمام متعلقہ شعبہ جات نے آڈٹ سے قبل تفصیلی تیاری کی، تاکہ وفد کو مکمل تعاون فراہم کیا جا سکے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے کہ پاکستان سے امریکہ کے لیے براہِ راست پروازوں کا ایک بار پھر سے آغاز کیا جاسکے۔‘
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ ملاقاتیں جمعہ تک جاری رہیں گی، جس کے بعد امریکی وفد وطن واپس روانہ ہوگا۔ دورے کے اختتام پر ایف اے اے اپنی مشاہداتی رپورٹ مرتب کرے گا، جو متعلقہ امریکی حکام کو پیش کی جائے گی۔‘
ایوی ایشن امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ اگر مثبت ثابت ہوتی ہے، تو پی آئی اے سمیت دیگر ایئرلائنز کو امریکہ کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت ملنے کا امکان ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط اور تجارتی مواقع میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

 

شیئر: