Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کام کے دوران ہائی بلڈ پریشر کو کیسے کنٹرول رکھا جا سکتا ہے؟

ماہرین صحت کے مطابق ہائی بلڈ پریشر دل کے دورے اور فالج سمیت قلبی امراض کا ایک خطرناک سبب ہے۔ (فائل فوٹو: فوربز)
انڈیا میں ہائی بلڈ پریشر دل کی سب سے عام بیماریوں میں سے ایک ہے۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق ملک کی آبادی میں 30.7 فیصد سے لے کر 35.5 فیصد افراد ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہیں۔ 
این ڈی ٹی وی کے مطابق ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ہائی بلڈ پریشر دل کے دورے اور فالج سمیت قلبی امراض کا ایک خطرناک سبب ہے۔ امریکی ادارہ برائے انسدادِ امراض کا کہنا ہے کہ مؤثرعلاج سے جان لیوا بیماریوں کے خطرے کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔
دفتر میں طویل وقت تک بیٹھنے، کم جسمانی سرگرمی اور ذہنی دباؤ جیسی عادات اس مرض کو مزید سنگین بنا سکتی ہیں۔ مسلسل بیٹھنے سے جسم کا میٹابولزم سست ہو جاتا ہے، جس کے نتیجے میں پیٹ کی چربی بڑھتی ہے، جو کہ بلڈ پریشر کو مزید بڑھانے کا سبب بنتی ہے۔ نیشنل سینٹر فار بایوٹیکنالوجی انفارمیشن کے مطابق موٹاپا خون کی نالیوں کے فعل کو متاثر کرتا ہے اور ہارمونز میں تبدیلیاں لا کر ہائی بلڈ پریشر کے امکانات کو بڑھاتا ہے۔

1: جسمانی سرگرمی

روزانہ صرف 30 منٹ کی ورزش جیسے تیز چہل قدمی یا دفتر تک سائیکل کے سفر سے بلڈ پریشر میں بہتری آ سکتی ہے۔

2: ذہنی دباؤ کم کرنے کی تکنیک اپنائیں

دفتر میں چند منٹ کی مراقبے کی مشق یا گہری سانس لینے کی مشق آپ کے ذہنی دباؤ کو کم کر کے بلڈ پریشر کو بہتر بنا سکتی ہے۔

تیز چہل قدمی یا دفتر تک سائیکل کے سفر سے بلڈ پریشر میں بہتری آ سکتی ہے۔ (فائل فوٹو: ایکس)

3: دل کے لیے مفید غذا کھائیں

پھل، سبزیاں اور کم چکنائی والی ڈیری مصنوعات کا استعمال کریں اور نمک کا استعمال کم کریں۔ دفتر کے لنچ میں انہی اصولوں کو مدِنظر رکھیں۔

4: کیفین کے استعمال میں احتیاط کریں

کیفین بلڈ پریشر میں عارضی اضافہ کر سکتی ہے، خاص طور پر ان افراد میں جو اس کے عادی نہیں۔ کیفین کے زیادہ استعمال سے دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی آ سکتی ہے۔

دفتر میں طویل وقت تک بیٹھنے، کم جسمانی سرگرمی اور ذہنی دباؤ جیسی عادات اس مرض کو مزید سنگین بنا سکتی ہیں۔ (فائل فوٹو: فری پک)

5: مکمل نیند لیں

روزانہ سات سے 9 گھنٹے کی نیند دل کی صحت کے لیے نہایت ضروری ہے۔ ممکن ہو تو دن کے ابتدائی حصے میں 20 سے 30 منٹ کا قیلولہ بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

6: دن بھر پانی پیتے رہیں

پانی کا مناسب استعمال بلڈ پریشر کو ٹھیک رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ دفتر میں کام کے دوران وقفے وقفے سے پانی پیتے رہیں۔

 

شیئر: