Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فاسٹ فوڈ اور زیادہ سکرین ٹائم، بچوں میں بڑھتے موٹاپے پر قابو کیسے پائیں؟

فاسٹ فوڈ موٹاپے کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے (فوٹو: پیکسلز)
دنیا بھر میں بچوں میں موٹاپا بڑھ رہا ہے اور یہ والدین، سکولوں اور ماہرین صحت کے لیے ایک اہم تشویش بن گیا ہے۔ یہ اضافہ کئی عوامل سے ہوتا ہے جن میں کھانے کی ناقص عادات، جسمانی سرگرمی میں کمی، زیادہ سکرین ٹائم اور غیر صحت بخش پروسیسرڈ فوڈز کی دستیابی میں اضافہ شامل ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اچھی خبر یہ ہے کہ طرز زندگی میں ہونے والی تبدیلیوں کے ذریعے بچپن کے موٹاپے پر قابو پایا جا سکتا ہے، اور درج ذیل اقدامات کر کے اس کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
1. گھر میں صحت مند کھانے کی عادات کو فروغ دیں
والدین کو کافی مقدار میں پھل، سبزیاں، خالص اناج، پروٹین اور صحت مند چکنائی کے ساتھ متوازن کھانا فراہم کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ چینی والے مشروبات اور پراسیسڈ سنیکس کو کم کرنا ضروری ہے۔ گھر پر کھانا پکانا اور گروسری کی خریداری یا کھانے کی تیاری میں بچوں کو شامل کرنا صحت مند کھانے کو مزید پرلطف اور دلکش بنا سکتا ہے۔
2. جسمانی سرگرمی کی حوصلہ افزائی کریں
بچوں کو دن میں کم از کم 60 منٹ متحرک رہنے کی ترغیب دی جانی چاہیے۔ اس میں پیدل چلنا، سائیکل چلانا، باہر کھیلنا، ناچنا یا کھیلوں میں حصہ لینا شامل ہو سکتا ہے۔ زیادہ جسمانی سرگرمی کو فروغ دینے کے لیے سکرین کے ٹائم کو دن میں دو گھنٹے سے کم کرنے کی بھی ضرورت ہے۔

سکول بچوں کو تندرستی اور متوازن کھانے کی اہمیت کے بارے میں سکھا سکتے ہیں (فوٹو: گلوبل نیوز)

3. سکول اور کمیونٹی کی حمایت
صحت مند عادات گھر سے شروع ہوتی ہیں، لیکن سکولوں اور کمیونٹیز کو بھی ان تبدیلیوں کی حمایت کرنی چاہیے۔ سکول غذائیت سے بھرپور کھانا پیش کر سکتے ہیں، باقاعدہ جسمانی تعلیم شامل کر سکتے ہیں اور بچوں کو تندرستی اور متوازن کھانے کی اہمیت کے بارے میں سکھا سکتے ہیں۔ کمیونٹیز کو محفوظ پارکس، پیدل چلنے کے راستے اور کھیلوں کی سہولیات کو یقینی بنانا چاہیے۔

بچے اکثر بڑوں کی نقل کرتے ہیں، اس لیے والدین کے لیے مثال بن کر رہنمائی کرنا ضروری ہے (فوٹو: گیٹی امیجز)

4. ایک رول ماڈل بنیں
بچے اکثر بڑوں کی نقل کرتے ہیں، اس لیے والدین کے لیے مثال بن کر رہنمائی کرنا ضروری ہے۔ جب بچے اپنے والدین کو صحت مند کھانا کھاتے، ورزش کرتے اور متوازن زندگی گزارتے دیکھتے ہیں تو وہ خود بھی اسی طرح کے طرز عمل کو اپنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔
لائف سٹائل کی وجہ سے بچپن میں موٹاپا بڑھ رہا ہے جس شروع میں ہی اقدامات کر کے قابو پایا جا سکتا ہے۔ فیملی، سکول اور کمیونٹی کی اجتماعی کوششوں سے ہم صحت مند مستقبل کی طرف بچوں کی رہنمائی کر سکتے ہیں۔

 

شیئر: