Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گزشتہ برس چھوٹی بہن کو کھویا تھا‘، ننھے سٹار احمد شاہ کے بھائی انتقال کرگئے

پاکستان کی رمضان ٹرانسمیشنز سے مشہور ہونے والے ننھے سٹار احمد شاہ کے بھائی عمر شاہ انتقال کر گئے ہیں۔
عمر شاہ سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والے بچے احمد شاہ کے بھائی ہیں اور دونوں بچے اپنی شرارتوں اور وائرل ویڈیوز کی وجہ سے مشہور ہوئے تھے۔ 
پیر کے روز احمد شاہ نے انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے بھائی کی وفات کا اعلان کیا اور کہا ’آپ سب کو اطلاع دے رہے ہیں کہ ہمارے خاندان کے ننھے چمکتے ستارے عمر شاہ انتقال کر گئے ہیں۔‘
پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ’سب سے درخواست ہے کہ آپ ان کو اور ہمارے خاندان کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔‘
ڈاکٹرز کے مطابق عمر شاہ کی رات 2 بجے طبیعت خراب ہوئی اور فوڈ پوائزننگ کی وجہ سے الٹی آنا شروع ہو گئی پھر فورا ٹرامہ سینٹر منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے کہا کہ سانس کی نالی کے ذریعے پھیپھڑوں کے اندر الٹی چلی گئی ہے۔ اسی دوران عمر شاہ کا سانس بند ہونے لگا اور وہ وفات پاگئے۔
اس سے قبل گزشتہ برس احمد شاہ کی ایک پوسٹ میں عمر کی آنکھ کی سرجری کے حوالے سے بتایا گیا تھا اور ان کی صحت کے لیے دعاؤں کی درخواست کی گئی تھی۔
عمر کے جانے سے جہاں سوشل میڈیا صارفین غم کا اظہار کر رہے ہیں وہیں کچھ لوگ یہ کمنٹس بھی کر رہے ہیں کہ ابھی گذشتہ سال ان بچوں نے اپنی بہن عائشہ کو کھو دیا تھا۔
ایک صارف نے پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’عمر کو عائشہ کے جانے کا بھی بہت صدمہ تھا۔ حالیہ رمضان ٹرانسمیشن شان رمضان میں ہم نے عمر کے چہرے پر پہلے والی خوشی نہیں دیکھی تھی۔‘ 
عمر شاہ کے خاندان کی طرف سے ان کی موت کی وجہ کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

شیئر: