Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوٹیوب پر 140 سال طویل پراسرار ویڈیو وائرل، حقیقت کیا ہے؟

عام طور پر یوٹیوب پالیسی کے مطابق 12 گھنٹے سے زائد دورانیے اور 128 جی بی فائل سائز سے بڑی ویڈیو اپلوڈ نہیں ہوتی۔ (فوٹو: یونیلیڈ ٹیک)
کیا کبھی آپ نے یہ تصور کیا ہے کہ یوٹیوب پر آپ کے سامنے کوئی ایسی ویڈیو آ جائے جس کا دورانیہ آپ کی پوری زندگی سے بھی کہیں زیادہ ہو؟
ایک ایسی ہی دلچسپ اور عجیب ویڈیو حال ہی میں یوٹیوب پر سامنے آئی جس نے پوری دنیا کے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا ہے۔
یوٹیوب پر @shinywr نامی ایک چینل سے ایک ویڈیو اپلوڈ ہوئی جس کی مدت یوٹیوب پر 1,234,567:30:00 دکھائی گئی، یعنی تقریباً 140 سال۔
ویڈیو کا یہ دورانیہ دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے کیونکہ اگر کوئی شخص آج اس ویڈیو کو بغیر روکے دیکھنا شروع کرے تو وہ سنہ 2166 تک بھی اسے مکمل نہیں کر پائے گا۔ اسی انوکھے نمبر نے اس ویڈیو کو وائرل بنا دیا ہے۔

اس چینل پر تاحال دو ایسی عجیب ویڈیوز اپلوڈ ہوئی ہیں اور چینل کے سبسکرائبرز بھی ایک لاکھ سے تجاوز کر چکے ہیں۔ (فوٹو: سکرین شاٹ یوٹیوب)

ویب سائٹ یونیلیڈ ٹیک کے مطابق یہ ویڈیو بظاہر بالکل خالی ہے۔ نہ اس میں کوئی تصویر ہے، نہ کوئی آواز، نہ کوئی کہانی، صرف ایک سیاہ  سکرین اور ایک سوالیہ نشان والا آئیکن اس کی پہچان بن گیا ہے۔
جب لوگ چینل کے ہوم پیج پر اس ویڈیو کو دیکھتے ہیں تو یوٹیوب اسے تقریباً 140 سال لمبی دکھاتا ہے، اور دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ دورانیہ آہستہ آہستہ بڑھتا ہوا بھی نظر آتا ہے، جیسے یوٹیوب کا نظام خود اس نمبر کو مزید آگے بڑھا رہا ہو۔ 
اسی بات نے لوگوں میں یہ خیال پیدا کیا کہ شاید یہ یوٹیوب کی تاریخ کی سب سے لمبی ویڈیو ہو سکتی ہے۔
لیکن جیسے ہی لوگ اس ویڈیو پر کلک کرتے ہیں، حقیقت کا دوسرا رخ سامنے آ جاتا ہے۔  ڈیگزرٹو اورلیٹسٹلی کی رپورٹس کے مطابق، جب ویڈیو پلے ہوتی ہے تو اس کی ٹائم لائن صرف 12 گھنٹے، 34 منٹ اور 56 سیکنڈ تک محدود ہوتی ہے۔ اس کے بعد ویڈیو اچانک ختم ہو جاتی ہے۔ 
یعنی جو 140 سال کا دورانیہ دکھائی دے رہا ہوتا ہے، وہ حقیقت میں ویڈیو کے اندر موجود ہی نہیں ہوتا۔ اصل میں یوٹیوب صرف اتنا ہی مواد سٹور اور پلے کر سکتا ہے، کیونکہ اس کی اندرونی حد تقریباً 12 گھنٹے اور 128جی بی فائل سائز تک ہوتی ہے۔
اسی لیے ماہرین اور فیکٹ چیک ویب سائٹس کا کہنا ہے کہ یہ کوئی حقیقی 140 سال کی video نہیں، بلکہ یوٹیوب کے میٹا ڈیٹا میں پیدا ہونے والا ایک عجیب گلچ ہے۔ 
میٹا ڈیٹا وہ اندرونی معلومات ہوتی ہے جو یوٹیوب کسی ویڈیو کے بارے میں محفوظ رکھتا ہے، جیسے اس کا نام، دورانیہ اور فائل کی تفصیل۔ کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے اس ویڈیو کا میٹا ڈیٹا میں دورانیہ انتہائی بڑے نمبر میں بدل گیا، جسے یوٹیوب کی سکرین پر 140 سال کے طور پر دکھایا جا رہا ہے، حالانکہ اصل ویڈیو چند گھنٹوں سے زیادہ کی نہیں۔
انڈین ویب سائٹ این ڈی ٹی وی کے مطابق، اس ویڈیو کے نیچے ہزاروں لوگ تبصرے کر رہے ہیں، کوئی اسے یوٹیوب کا تجرباتی ٹیسٹ سمجھ رہا ہے، کوئی کسی خفیہ آرٹ پراجیکٹ یا  کسی اور دنیا کا حصہ مان رہا ہے، اور کچھ لوگ محض اسے انٹرنیٹ کی ایک اور عجیب حرکت قرار دے رہے ہیں۔ 
دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ اسی چینل پر ایک اور ویڈیو تقریباً 294 گھنٹے کی اور ایک یوٹیوب شارٹ تقریباً 150 گھنٹے کا دکھایا جا رہا ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ یہ چینل جان بوجھ کر یا انجانے میں یوٹیوب کے سسٹم کی حدود کے ساتھ کھیل رہا ہے۔
آخرکار حقیقت یہی سامنے آتی ہے کہ یہ 140 سال لمبی ویڈیو کوئی جادوئی یا پراسرار چیز نہیں، بلکہ یوٹیوب کے سسٹم میں موجود ایک گلچ یا میٹا ڈیٹا کی خرابی کا نتیجہ ہے۔
اصل ویڈیو میں کچھ بھی خاص نہیں، صرف ایک خالی سیاہ سکرین ہے، مگر اس کے ساتھ جڑا ہوا وہ عجیب دورانیہ اسے دنیا کی سب سے زیادہ زیر بحث ویڈیوز میں بدل چکا ہے۔

 

شیئر: