روبیو کا اسرائیلی حملے کے بعد قطر سے ثالث کا کردار جاری رکھنے کی درخواست
روبیو کا اسرائیلی حملے کے بعد قطر سے ثالث کا کردار جاری رکھنے کی درخواست
منگل 16 ستمبر 2025 7:42
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو منگل کو قطر روانہ ہوئے تاکہ اسے غزہ میں ثالث کے طور پر اپنا کردار جاری رکھنے کی درخواست کر سکیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مارکو روبیو نے جنگ بندی معاہدے کے بارے میں مایوسی کا اظہار کیا تاہم ساتھ یہ بھی کہا کہ قطر اس سلسلے میں مدد کر سکتا ہے۔
انہوں نے تل ابیب کے بن گوریون ایئرپورٹ سے روانگی کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم قطر سے کہیں گے کہ وہ وہی کردار ادا کرتا رہے جو وہ کر رہا ہے، جسے ہم بہت سراہتے ہیں، اور وہ ہے اس مسئلے کے حل کے لیے تعمیری کردار ادا کرنا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ظاہر ہے کہ انہیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ آیا وہ گزشتہ ہفتے کے بعد ایسا کرنا چاہتے ہیں یا نہیں، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ وہ یہ جان لیں کہ اگر دنیا میں کوئی ایسا ملک ہے جو مذاکرات کے ذریعے اسے ختم کرنے میں مدد کر سکتا ہے تو وہ قطر ہے۔‘
روبیو نے کہا کہ امریکہ قطر کے ساتھ جلد ایک دفاعی معاہدے کو حتمی شکل دے گا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اب دوبارہ قطر پر حملہ نہیں کریں گے۔
قطر تقریباً دو سال سے غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں کا مرکز رہا ہے، اور اسرائیل نے اس وقت حملہ کیا جب حماس کے رہنما ایک نئے امریکی جنگ بندی کے منصوبے پر غور کے لیے اکٹھے ہو رہے تھے۔
مارکو روبیو نے کہا کہ امریکہ قطر کے ساتھ جلد ایک دفاعی معاہدے کو حتمی شکل دے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
’حماس کے پاس جنگ بندی کے معاہدے کے لیے صرف چند دن باقی ہیں‘
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے خبردار کیا ہے کہ حماس کے پاس جنگ بندی کے معاہدے کو قبول کرنے کے لیے صرف چند دن باقی رہ گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مارکو روبیو نے اسرائیل سے دوحہ کے لیے روانگی سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری اولین ترجیح یہ ہے کہ یہ معاملہ ایک مذاکراتی معاہدے کے ذریعے ختم ہو جائے، جہاں حماس یہ کہے کہ ’ہم غیر مسلح ہو رہے ہیں، اور اب ہم مزید خطرہ نہیں بنیں گے۔‘
امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ’کبھی کبھار جب آپ حماس جیسے وحشی گروپ سے نمٹ رہے ہوں، تو یہ ممکن نہیں ہوتا لیکن ہمیں امید ہے کہ ایسا ہو سکتا ہے۔‘
روبیو نے پیر کو یروشلم میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کی اور غزہ سٹی میں ان کی نئی فوجی کارروائی اور حماس کے خاتمے کی حمایت کی۔
عینی شاہدین کے مطابق گزشتہ شب شہر شدید بمباری کی زد میں تھا۔
امریکی وزیر خارجہ کے مطابق اسرائیلیوں نے غزہ سٹی میں کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
’غزہ جل رہا ہے‘
گزشتہ شب غزہ سٹی پر شدید فضائی حملوں کے بعد اسرائیل کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ’غزہ جل رہا ہے۔‘
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق وزیر دفاع اسرائیل کاتز کے یہ ریمارکس اس وقت سامنے آئے ہیں جب اسرائیل غزہ سٹی پر ایک نئی جارحیت کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
ادھر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اسرائیل سے قطر روانگی کے وقت صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اشارہ دیا کہ یہ فوجی کارروائی شروع ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’اسرائیلیوں نے وہاں کارروائیاں شروع کر دی ہیں، اس لیے ہمیں لگتا ہے کہ ہمارے پاس کسی معاہدے کے لیے اب بہت کم وقت بچا ہے، ہمارے پاس اب مہینے نہیں بچے، شاید صرف دن یا صرف چند ہفتے باقی ہیں۔‘