سعودی عرب کی گلوبل مسلم ٹریول انڈیکس میں نمایاں پوزیشن
’2024 میں دنیا بھر سے تقریباً 176 ملین مسلمان مسافر سعودی عرب آئے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب نے گلوبل مسلم ٹریول انڈیکس (GMTI) میں نمایاں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب نے 2025 کے گلوبل مسلم ٹریول انڈیکس ترکی اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
سعودی عرب کو مسلمانوں کے لئے سب سے زیادہ دوستانہ سیاحتی مقامات میں شمار کیا گیا ہے۔
یہ کامیابی سیاحتی انفراسٹرکچر میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور ایسی خدمات کی فراہمی کا نتیجہ ہے جو مسافروں کی مذہبی اور ثقافتی ضروریات کو پورا کرتی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2024 میں دنیا بھر سے تقریباً 176 ملین مسلمان مسافر سعودی عرب آئے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں لگ بھگ 25 فیصد زیادہ ہیں۔
توقع ہے کہ 2030 تک یہ تعداد تقریباً 245 ملین تک پہنچ جائے گی۔

اسی طرح اس شعبے میں سیاحتی اخراجات بڑھ کر عالمی سطح پر تقریباً 230 ارب ڈالر تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
سعودی عرب نے اپنی پوزیشن مسلم دوست خدمات کی وجہ سے مضبوط کی ہے جیسے وافر مقدار میں حلال کھانے کی دستیابی، ہوائی اڈوں اور ہوٹلوں میں نماز کے لئے سہولیات اور مذہبی سفر سے متعلقہ طریقہ کار کو آسان بنانا شامل ہے۔

سعودی عرب کی اہمیت کا سرچشمہ حرمین شریفین کی میزبانی ہے، اس کے ساتھ اس کا شاندار تاریخی پس منظر اور قدرتی مقامات جو روحانی اور ثقافتی تجربات کے متلاشی زائرین کو اپنی جانب کھینچتے ہیں۔

سعودی عرب سیاحت کے شعبے کی ترقی، بین الاقوامی تقریبات کی میزبانی اور تفریحی و ثقافتی مواقع میں وسعت کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے جو سعودی وژن 2030 کے مطابق ہیں اور ان میں پائیداری اور مہمانوں کے آرام کو خاص طور پر مد نظر رکھا جا رہا ہے۔

سعودی عرب نے واضح اقدامات کئے ہیں تاکہ اپنی حیثیت کو ایک جامع اسلامی سیاحتی مرکز کے طور پر مستحکم کرے جو صرف حج و عمرہ تک محدود نہ ہو بلکہ فطری مقامات کے تجربات، اندرونِ ملک تعطیلات، تقریبات اور تفریحی سرگرمیوں جیسے متنوع سیاحتی مواقع بھی فراہم کرے اور یہ سب اسلامی ثقافت و اقدار کے مطابق ہوں۔