وزیراعظم شہباز شریف کی نیویارک میں کویت کے ولی عہد سے ملاقات
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر بدھ کو کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے ملاقات کی۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے درمیان تاریخی، برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مثالی تعلقات کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے دوران کویت کی طرف سے اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کیا اور باہمی اعتماد و تعاون کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، لائیوسٹاک، افرادی قوت کی برآمد اور صحت جیسے شعبوں میں باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کویتی ولی عہد کے آئندہ دورۂ پاکستان کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان ان کے سرکاری دورے کا منتظر ہے، جس کی تاریخیں سفارتی ذرائع سے طے کی جا رہی ہیں۔
ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ولی عہد نے فلسطینی عوام پر مظالم کو اجاگر کرنے اور خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
