شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کی ملاقات، سکیورٹی اور انٹیلیجنس میں تعاون بڑھانے پر زور
شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کی ملاقات، سکیورٹی اور انٹیلیجنس میں تعاون بڑھانے پر زور
جمعرات 25 ستمبر 2025 14:23
وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جمعے کو وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کی تعریف کی اور انہیں ’مین آف پیس‘ قرار دیا جو دنیا بھر میں تنازعات کے خاتمے کے لیے مخلصانہ کوششوں میں مصروف ہیں۔
وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو جرات مندانہ، دلیرانہ اور فیصلہ کن قیادت پر سراہا جنہوں نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی میں کردار ادا کیا اور جنوبی ایشیا میں ایک بڑی تباہی کو ٹالنے میں مدد فراہم کی۔
مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے غزہ میں جنگ کے فوری خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں کو سراہا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے ٹیرف معاہدے پر بھی صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کی زراعت، آئی ٹی، کان کنی اور معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
دونوں رہنماؤں نے انسداد دہشت گردی میں تعاون سمیت علاقائی سلامتی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
صدر ٹرمپ کی جانب سے انسداد دہشت گردی کے معاملے میں پاکستان کے کردار کی عوامی توثیق پر وزیراعظم نے شکریہ ادا کیا اور سکیورٹی اور انٹیلیجنس کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔
صدر ٹرمپ سے ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ فوٹو: پی ایم آفس
اس سے قبل وزیرِاعظم شہباز شریف جب اینڈریوز ایئربیس پہنچے تو ریڈ کارپٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ امریکی ایئرفورس کے اعلٰی عہدیدار نے وزیراعظم کا خیرمقدم کیا جس کے بعد ان کا موٹرکیڈ سخت سکیورٹی حصار میں وائٹ ہاؤس کے لیے روانہ ہو گیا۔
ملاقات سے پہلے صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’عظیم لیڈر تشریف لا رہے ہیں، پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل۔ فیلڈ مارشل عظیم شخص ہیں، اسی طرح وزیراعظم پاکستان بھی، وہ دونوں آ رہے ہیں۔‘
وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہیں جہاں وہ جمعے کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
منگل کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر صدر ٹرمپ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان مختصر بات چیت ہوئی تھی۔
امریکی صدر کے شیڈول کو مانیٹر کرنے والے نیوز کے ادارے رول کال نے دونوں رہنماؤں کے درمیان اوول آفس میں ہونے والی ملاقات کے حوالے سے کہا تھا کہ میڈیا کو کوریج کی اجازت نہیں ہو گی۔
واشنگٹن اور اسلام آباد کے درمیان تعلقات میں اس وقت گرمجوشی دیکھنے میں آئی جب صدر ٹرمپ نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان مئی میں ہونے والی کشیدگی کے دوران جنگ بندی کروائی تھی۔
جبکہ دوسری جانب ویزا میں رکاوٹوں، ٹیرف میں اضافہ اور جنگ بندی کے دعووں کے باعث نئی دہلی اور امریکہ کے درمیان تعلقات تناؤ کا شکار ہیں۔
پی ایم آفس کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ فوٹو: پی ایم آفس
شہباز شریف کی حکومت نے اس سال کے شروع میں انڈیا کے ساتھ چار روزہ فوجی کشدگی کو ختم کرنے میں مدد کرنے پر انہیں امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کرنے کی سفارش بھی کی۔
خیال رہے کہ رواں سال کے آغاز میں اسرائیل اور ایران کے درمیان لڑائی کے دوران امریکی صدر نے پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات بھی کی تھی۔