Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نادرا کا پاکستانی کمیونٹی کے لیے سعودی عرب میں خصوصی سروس کا آغاز

نادرا نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے خصوصی سہولت متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت قومی ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کی موبائل وین دمام میں پاکستانی شہریوں کی سہولت کے لیے موجود رہے گی۔
نادرا کی جانب سے فیس بک پر جاری ایک پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ دمام میں (تمیمی نیو کیمپ  ظھران، ایسٹرن پروونس ) میں 26 اور 27 ستمبر (جمعہ اور ہفتہ) کو صبح 8 بجے سے دوپہر 3 بجے تک نادرا کی موبائل رجسٹریشن ٹیم خدمات فراہم کرے گی، جہاں پاکستانی شہریوں کو نادرا سے متعلق مختلف سہولیات مہیا کی جائیں گی۔
نادرا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس خصوصی سیٹ اپ میں بیرون ملک مقیم پاکستانی متعدد سہولیات حاصل کر سکیں گے جن میں نیا سمارٹ نائکوپ جاری کرانا، سمارٹ نائکوپ کا دوبارہ اجرا، ڈی یو پی کلیئرنس، عام نائکوپ کو سمارٹ نائکوپ میں تبدیل کرانا، نائکوپ یا سمارٹ نائکوپ کی منسوخی اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ شامل ہیں۔
نادرا نے اس کے علاوہ بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے سہولت بڑھانے کی غرض سے آن لائن فیس جمع کرانے کا نظام بھی فراہم کیا ہے، جس کے تحت شہری جاز کیش، ایزی پیسہ یا ای سہولت مراکز کے ذریعے ادائیگی کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ موبائل بینکنگ ایپس کے ذریعے ڈیجیٹل کیو آر کوڈ سکین کر کے بھی فوری فیس منتقل کی جا سکتی ہے۔
دمام میں مقیم پاکستانی شہریوں کی آسانی کے لیے نادرا نے اپنے فیس بک پیج پر درست مقام کا لنک بھی فراہم کیا ہے، جبکہ مزید معلومات کے لیے نادرا کے نمبر  +92-51-111786100 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
 

شیئر: