’تیزی سے آگے بڑھیں‘، صدر ٹرمپ کا مذاکرات کاروں پر زور
’تیزی سے آگے بڑھیں‘، صدر ٹرمپ کا مذاکرات کاروں پر زور
پیر 6 اکتوبر 2025 6:05
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مصر میں ہونے والے مذاکرات میں شریک اسرائیل اور حماس کے مذاکرات کاروں پر زور دیا ہے کہ وہ ’تیزی سے آگے بڑھیں۔‘
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مصر میں ہونے والی اس بات چیت کا مقصد غزہ میں جنگ کا خاتمہ ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر ایک پوسٹ میں حماس کے ساتھ ہونے والی بات چیت سے متعلق کہا کہ ’حماس اور دنیا بھر کے اسلامی ممالک کے ساتھ ویک اینڈ پر بہت مثبت بات چیت ہوئی ہے، جو کہ یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ میں جنگ کے خاتمے سے متعلق تھی، لیکن اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ طویل عرصے بعد بالآخر مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے کوشش کی گئی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مذاکرات بہت کامیاب رہے ہیں اور تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ تیکنیکی ٹیمیں پیر کو مصر میں دوبارہ ملیں گی، تاکہ سلسلے کو آگے بڑھائیں اور حتمی تفصیل واضح کر سکیں۔‘
صدر ٹرمپ کے بقول ’مجھے بتایا گیا ہے کہ پہلا مرحلہ اسی ہفتے مکمل ہونا چاہیے اور میں سب کو کہہ رہا ہوں کہ وہ تیزی سے آگے بڑھیں۔‘
خیال رہے مصر سمیت کئی ممالک کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جنگ کے خاتمے کے لیے مصر میں ہونے والے مذاکرات کو غزہ میں جامع اور پائیدار جنگ بندی کے حصول کے لیے ایک ’حقیقی موقع‘ قرار دیا گیا ہے۔
اتوار کو ایک سینیئر حماس عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا تھا کہ ’حماس جنگ کے خاتمے اور زمینی حالات کے مطابق فوری طور پر قیدیوں کے تبادلے کے عمل کے آغاز کے لیے انتہائی سنجیدہ ہے۔‘
دوسری جانب اسرائیلی وزیرِاعظم نے امید ظاہر کی ہے کہ وہاں موجود یرغمالیوں کو آئندہ چند دنوں میں رہا کر دیا جائے گا۔
فلسطینی گروپ حماس نے صدر ٹرمپ کے منصوبے کے چند نکات کو ماننے پر آمادگی ظاہر کی ہے (فوتو: اے ایف پی)
یہ سفارتی پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حماس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کے چند نکات کو تسلیم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے سنیچر کو کہا تھا کہ انہوں نے مذاکرات کاروں کو مصر بھیجنے کی ہدایت کی ہے تاکہ تکنیکی تفصیلات کو حتمی شکل دی جا سکے۔
اسی طرح اتوار کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا تھا کہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے اسرائیل کو بمباری کا سلسلہ روکنا ہو گا۔