سٹراٹیجک شراکت داری پر خلیجی، یورپی مشترکہ اعلامیہ
’نفرت انگیز تقریر، انتہا پسندی اور نسل پرستی کے خلاف مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا‘ ( فوٹو: سبق)
خلیجی تعاون کونسل کے رکن ممالک اور یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کا 29 مشترکہ وزارتی اجلاس کویت میں منعقد ہوا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اجلاس کی صدارت کویت کے وزیرخارجہ عبداللہ علی الیحییٰ نے کی جو خلیجی وزارتی کونسل کے موجودہ اجلاس کے صدر ہیں۔
جبکہ یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور و سلامتی پالیسی اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کایا کالاس نے شریکِ صدارت کی۔
اجلاس میں خلیجی تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی اور دونوں جانب کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ مشترکہ کونسل نے خلیجی تعاون کونسل اور یورپی یونین کے درمیان 1988 کے تعاون کے معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک شراکت میں ہونے والی نمایاں پیش رفت کا خیرمقدم کیا۔
کونسل نے اس شراکت کی اہمیت پر زور دیا، خاص طور پر اُن سنگین خطرات کے تناظر میں جو علاقائی و بین الاقوامی سطح پر امن، سلامتی اور استحکام کو لاحق ہیں، نیز اُن چیلنجوں کے مقابلے میں جو عالمی معیشت کو درپیش ہیں۔
مزید برآں، کونسل نے خلیجی تعاون کونسل اور یورپی یونین کے درمیان پہلی سربراہی کانفرنس کے نتائج کو سراہا، جو 16 اکتوبر 2024ء کو برسلز میں ’امن و خوشحالی کے لیے اسٹریٹجک شراکت‘ کے عنوان سے منعقد ہوئی تھی، اور اس امر کی امید ظاہر کی کہ آئندہ سربراہی اجلاس 2026ء میں مملکتِ سعودی عرب میں منعقد ہوگا۔
کونسل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نفرت انگیز تقریر، انتہا پسندی اور نسل پرستی کے خلاف مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا، اور مذاہب و ثقافتوں کے مابین رواداری اور مکالمے کو فروغ دیا جائے گا، جیسا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2686 میں بیان کیا گیا ہے۔ کونسل نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انسانی حقوق کے عالمی اصولوں کے احترام، تحفظ اور فروغ کو یقینی بنایا جائے گا، اور اس حوالے سے مکالمے کو مزید گہرا کیا جائے گا کیونکہ یہ دونوں فریقوں کے درمیان تعاون کا ایک بنیادی عنصر ہے۔ مزید یہ کہ انسانی حقوق سے متعلق اقوامِ متحدہ کے معاہدات اور نظام ہائے کار کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا۔
کونسل نے دونوں خطوں کی قانونی ضروریات کے مطابق اس بات کا اعادہ کیا کہ باہمی روابط کو مزید مضبوط کرنے کے لیے مشترکہ عملی اور تعمیری اقدامات جاری رکھے جائیں گے، تاکہ یورپی یونین (شینگن ممالک) اور خلیجی تعاون کونسل کے ممالک کے درمیان ویزا فری محفوظ اور باہمی فائدہ مند سفری انتظامات کی راہ ہموار کی جا سکے۔