’کنگ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر‘ جسے اثرا بھی کہتے ہیں، ریاض کے انٹرنیشنل بک فیئر میں مقامی تخلیقی ہنر اور علم کے تبادلے کو اپنے پویلین کے ذریعے پوری توجہ کا مرکز بنا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اثرا سعودی آرامکو کا ایک انشیٹِیو ہے اور بارہویں مرتبہ ریاض بک فیئر میں شریک ہے۔
مزید پڑھیں
-
’اثرا‘ نے سعودی قومی دن کے لیے تقریبات کے شیڈول کا اعلان کر دیاNode ID: 894883
-
ثقافتی ورثے پر عالمی مکالمہ کیسے بدل رہا ہے؟Node ID: 895522
اثرا اپنی مشہور لائبریری کی وجہ سے ایک جامع ثقافتی تجربہ پیش کر رہا ہے جس میں متنوع پروگراموں اور تقاریب کے ساتھ ساتھ نئی اشاعتیں، ڈیجیٹل وسائل اور نایاب کتابیں بھی لوگوں کے سامنے رکھی جا رہی ہیں۔
اثرا کا پویلین چار حصوں پر مشتمل ہے۔ اس میں ایک تعارفی ایریا ہے جہاں اثراء کی کلیدی سہولتوں کو نمایاں کیا گیا ہے جن میں اس کی لائبریری، میوزیم، تھیئٹر اور سینما شامل ہے۔
لائبریری کے پروگراموں کے لیے دو زون ہیں جن میں ورکشاپس اور بات چیت کے پینل ہیں۔ اس کے علاوہ ایک بُک سٹور بھی ہے جہاں ثقافت، فن، فلسفے اور تاریخی تہذیب پر اثراء کی کتابیں پیش کی جا رہی ہیں۔

اثراء کے ڈائریکٹرعبداللہ الحواس کہتے ہیں کہ ’اثراء سینٹر کی ریاض کے بک فیئر میں شرکت اس کے اس مشن کی عکاس ہے جس کے تحت یہ بک فیئر کے سالانہ موضوع کے ساتھ ہم آواز ہو کر ثقافتی مکالمے کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔‘
’اثراء ہر سال ریاض بُک فیئر میں ایک نئے تصور کے ساتھ شریک ہوتا ہے۔اس سال موضوع ہے ’ریاض ریڈز‘۔ اور ہم نے اپنے انیشیٹِیو اور پروگراموں کو اسی موضوع سے ہم آہنگ کر دیا ہے اور فلسفے، ادب اور فن کے موضوعات پر 13کتابیں بک فیئر میں پیش کی ہیں۔ ان میں سے اکثر کتابیں حالیہ برسوں میں شائع ہوئی ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ اثراء، ’نایاب مواد کو تخلیق کرنے کی کوشش کرتا ہے جو ماہرین اور سپیشلسٹس کو اپنی جانب متوجہ کرے لیکن ساتھ ساتھ عام قاری کو بھی اپنی طرف مائل کرے۔‘

عبداللہ الحواس نے بتایا کہ ’ایک کتاب جس کی بڑی مانگ ہے اس کا نام ہے: ’ معلقات: ملینیئل نسل کے لیے‘۔ یہ کتاب عربی کی کلاسیکی شاعری کو آج کے پڑھنے والوں کے لیے آسان لفظوں میں بیان کرتی ہے۔‘
ایک اور کتاب ’ہجرہ: پیغمبرِ اسلام کے نقشِ قدم پر‘ ہے جس میں ان کے مکے سے مدینے کے آٹھ روزہ سفر کی تفصیل ہے۔’اسے انسانی تاریخ کے ایک انتہائی وقیع اور معنویت پر مبنی سفر کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔‘
اثراء کے پویلین میں اونٹوں، کاریگری اور فلسفے کے موضوع پر بھی ثقافتی قدر اور مانگ کو دیکھتے ہوئے احتیاط سے منتخب کی گئی کتابیں شامل ہیں۔

الحواس کے مطابق اثراء کی کتابیں کئی زبانوں میں تراجم ہونے کے نتیجے میں دنیا بھر کے قارئین تک پہنچ چکی ہیں جن میں سپین، جرمنی، کوریا، چینی، فرانسیسی اور انگریزی زبانیں شامل ہیں۔
’ہم عرب ثقافت کی رسائی بڑھانے کے لیے جتنی زبانوں میں ہوسکے ترجمہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘
اثراء کی لائبریری مملکت کی سب سے بڑی اور پہلی مکمل ڈیجیٹل لائبریری ہے جس کی چار منزلیں ہیں جن میں تین لاکھ 57 ہزار کتابیں اور ہزاروں کی تعداد میں مختلف موضوعات پر مبنی ڈیجیٹل مواد موجود ہے۔
