Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کی ہدایت کے بعد وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اپنے عہدے سے مستعفی

پاکستان تحریک کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے علی امین گنڈاپور کی جگہ صوبائی وزیر سہیل آفریدی کو وزارت اعلیٰ کے لیے نامزد کرنے کے فیصلے کے بعد وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
بدھ کی رات کو اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری استعفے میں علی امین گنڈاپور نے لکھا کہ وہ اپنے قائد عمران خان کے احکامات کے احترام میں وزیراعلی کے عہدے سے استعفیٰ پیش کرنے کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو بھیجے گئے استعفے میں علی امین گنڈاپور نے لکھا کہ ’جب میں نے وزارتِ اعلیٰ کا منصب سنبھالا تو صوبہ دو بڑے چیلنجز، مالی بحران اور دہشت گردی کے خطرہ سے دوچار تھا۔  گزشتہ ڈیڑھ برس کے دوران، اپنی کابینہ، پارٹی اراکین اور کارکنوں، بیوروکریسی کی ٹیم، اور سب سے بڑھ کر عمران خان کی رہنمائی کے ساتھ، ہم نے صوبے کو مالی استحکام کی راہ پر گامزن کیا اور جرات و استقامت کے ساتھ دہشت گردی کے عفریت کا مقابلہ کیا۔‘
علی امین گنڈاپور نے مزید لکھا کہ ’ہم نے ایک ایسے صوبے میں، جو طویل عرصے سے جنگ زدہ قرار دیا جاتا رہا ہے، قومی تعمیر کے بڑے منصوبے شروع کیے۔‘
میں اپنی کابینہ کے تمام رفقا، اسمبلی کے اراکین، خواہ وہ تحریکِ انصاف سے ہوں یا حزبِ اختلاف سے، اور خیبر پختونخوا کی بیوروکریسی کے تمام افسران کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے حکمرانی کے غیر معمولی چیلنجز سے نمٹنے میں بھرپور ساتھ دیا۔‘
علی امین نے مزید لکھا کہ ’مجھے یہ دعویٰ نہیں کہ میں ہر میدان میں بہترین کارکردگی دکھا سکا، لیکن ایک بات پورے یقین سے کہہ سکتا ہوں، کہ میں نے پورے خلوصِ نیت سے خیبر پختونخوا کے عوام کی خدمت کی اور ہمیشہ پاکستان کے مفاد کو مقدم رکھا۔ پاکستان زندہ باد، پاکستان تحریک انصاف پائندہ باد‘

 
 
 

شیئر: