فالکن نیلامی میں 4 باز 6 لاکھ 52 ہزار ریال میں فروخت
جمعرات 9 اکتوبر 2025 9:49
’منگولین باز نمائش میں پہلی مرتبہ پیش کئے جا رہے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی انٹرنیشنل فالکن اینڈ ہنٹنگ نمائش 2025 میں چار بازوں کی نیلامی ہوئی جن کی مجموعی قیمت 6 لاکھ 52 ہزار ریال رہی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ نیلامی جوش و خروش اور دلچسپ مقابلے کے ماحول میں ہوئی ہے جہاں شائقین کی بھرپور شرکت دیکھی گئی۔
نیلامی کا آغاز منگولین بازوں کے حصے سے ہوا، جو نمائش کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پیش کئے جا رہے ہیں۔
سب سے پہلا باز دو لاکھ ریال میں فروخت ہوا، اس کے بعد دوسرا باز 90 ہزار ریال میں نیلام ہوا۔

پھر ایک اور منگولین باز پیش کیا گیا جس کی ابتدائی بولی 70 ہزار ریال سے شروع ہوئی اور آخرکار وہ دو لاکھ ایک ہزار ریال میں فروخت ہوا۔
شام کے اختتام پر مقامی بازوں کی باری آئی جہاں سعودی فالکن کلب کے نیلامی حصے میں باز پیش کیا گیا جو الدبدبہ کے علاقے سے تعلق رکھتا تھا۔
اس کی بولی 30 ہزار ریال سے شروع ہوئی اور ایک لاکھ 61 ہزار ریال پر جا کر بند ہوئی۔
اس سال کی نمائش میں منگولین بازوں کے لیے ایک خصوصی حصہ مختص کیا گیا ہے کیونکہ یہ باز اپنی اعلیٰ نسل، بہترین کارکردگی اور میدان میں غیرمعمولی صلاحیتوں کے باعث سعودی عرب اور خلیج میں خاص مقبولیت رکھتے ہیں۔