پاکستان میں طلبہ کے لیے ایک سال کا مفت ’گوگل اے آئی پرو پلان‘
جمعرات 9 اکتوبر 2025 15:55
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان میں 18 سال اور اس زائد عمر کے طلبہ مفر گوگل اے آئی پرو پلان حاصل کر سکتے ہیں (فائل فوٹو: گوگل)
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے طلبہ کو گوگل مصنوعی ذہانت (اے آئی) پرو پلان کی ایک سال کی مفت سبسکرپشن فراہم کی جائے گی۔
یہ پیش کش طلبہ کو اپنی تعلیم، تحقیق اور تخلیقی صلاحیتوں کو جدید اے آئی ٹولز کے ذریعے بہتر بنانے میں مدد دینے کے لیے تیار کی گئی ہے جو کہ بالکل مفت ہوگی۔
جیمنی اے آئی پرو پلان کے ذریعے 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے طلبہ کو گوگل کے جدید ترین فیچرز تک رسائی حاصل ہوگی۔
سب سے پہلے فیچر میں جیمنی 2.5 پرو ماڈل شامل ہے۔ یہ گوگل کا سب سے طاقتور ماڈل ہے جس میں ’ڈیپ ریسرچ‘ جیسی خصوصیات شامل ہیں جو اسائنمنٹس، تحقیقی کام اور تخلیقی منصوبوں میں مدد کرتی ہیں۔
دوسرے فیچر میں گوگل ایپس میں جیمنی کی شمولیت ہے۔ جی میل، ڈاکس، شیٹس، سلائیڈز اور میٹ میں براہِ راست اے آئی اسسٹنس شامل ہوگی جو ای میلز کا خلاصہ بنانے، سٹڈی پریزنٹیشنز تیار کرنے اور ڈیٹا تجزیہ کو تیز اور آسان بناتا ہے۔
ایک اور فیچر میں نوٹ بُک ایل ایم (NotebookLM) شامل ہے۔ یہ گوگل کا ذاتی نوعیت کا اے آئی ریسرچ اور رائٹنگ ٹول ہے جس میں 5 گنا زیادہ آڈیو اوور ویوز، نوٹ بکس اور دیگر فیچرز شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ویڈیو تخلیق کرنے کے جدید ٹولز بھی شامل ہیں جن میں ٹیکسٹ یا تصاویر سے متحرک ویڈیوز بنانے کی سہولت دی جائے گی۔ اس میں Veo 3 اور Flow جیسے اعلٰی فیچرز زیادہ حدود کے ساتھ دستیاب ہیں۔
ساتھ ہی ساتھ گوگل دو ٹیرا بائٹ میموری پر مشتمل کلاؤڈ سٹوریج بھی فراہم کر رہا ہے جس میں گوگل ڈرائیو، جی میل اور فوٹوز میں نوٹس، منصوبے اور دیگر تعلیمی مواد محفوظ رکھنے کے لیے وافر جگہ ہوگی۔
یہ اقدام گوگل کے اس وسیع مشن کا حصہ ہے جس کا مقصد ہر طالبِ علم کو اے آئی ٹولز فراہم کرنا ہے جو ان کی تعلیم میں بہتری اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں مدد دیں۔
جیمنی اے آئی پرو پلان فار سٹوڈنٹس اب ایشیا پیسیفک کے متعدد ممالک بشمول پاکستان میں دستیاب ہے۔
اہل یونیورسٹی طلبہ گوگل سپورٹ سے اس پروگرام میں شامل ہونے کا طریقہ دیکھ سکتے ہیں اور سائن اَپ کرکے ایک سال تک مفت رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
طلبہ کے لیے 12 ماہ کا مفت ٹرائل کیسے حاصل کریں؟
پاکستان سمیت مخصوص ممالک کے 18 سال یا اس سے زائد عمر کے طلبہ گوگل اے آئی پرو پلان کو ایک سال کے لیے مفت استعمال کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے اپنے موبائل یا کمپیوٹر پر Google One کھولیں۔ SheerID کے ذریعے اپنی طالب علمی کی تصدیق کریں۔ ایک ادائیگی کا ذریعہ (payment method) شامل کریں (یہ صرف تصدیق کے لیے ہوگا، فیس نہیں لی جائے گی)۔ تصدیق مکمل ہونے کے بعد فری ٹرائل ایکٹیویٹ کریں۔
اہلیت (Eligibility) کے اصول
گوگل نے اس پیش کش کے لیے چند شرائط رکھی ہیں۔ طالب علم کی عمر کم سے کم 18 سال ہونی چاہیے۔ آپ اسی ملک کے طالب علم اور رہائشی ہوں جہاں یہ آفر دستیاب ہے (مثلاً پاکستان)۔ آپ کا تعلیمی ادارہ SheerID کے ذریعے تصدیق شدہ ہونا چاہیے۔
تصدیق کے لیے آپ کو اپنی طالب علمی کا ثبوت دینا ہوگا، جیسے ادارے کا لیٹر یا داخلے کا ثبوت۔ صرف ایک ذاتی گوگل اکاؤنٹ سے رجسٹریشن کی جا سکتی ہے۔
آپ کے پاس Google Payments اکاؤنٹ ہونا چاہیے جس میں ادائیگی کی اہلیت ہو۔ سبسکرپشن Google Play کے ذریعے ہوگی۔
فیملی گروپ ممبرز یا وہ صارفین جو پہلے سے کسی بڑے سٹوریج پلان پر ہیں، اس آفر کے اہل نہیں ہوں گے۔
SheerID تصدیق کا طریقہ
اپنے براؤزر میں Google One کھولیں۔ سٹوڈنٹ سٹیٹس کی تصدیق کریں۔SheerID کے آن اسکرین ہدایات پر عمل کریں۔
اگر سسٹم فوری تصدیق نہ کرے تو آپ اپنے داخلے کا ثبوت اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔ یہ عمل 48 گھنٹے تک لے سکتا ہے۔ تصدیق مکمل ہونے پر آپ کو ای میل موصول ہوگی (ای میل سپام فولڈر بھی چیک کریں)۔
ٹرائل حاصل کرنے کے بعد
تصدیق کے بعد آپ کو واپس Google One پر بھیج دیا جائے گا، جہاں آپ کو“Get student offer” پر کلک کرنا ہوگا۔
اس کے بعد اپنی ادائیگی کی تفصیلات کنفرم کریں۔ “Subscribe” پر کلک کر کے Google AI Pro ممبرشپ ایکٹیویٹ کر لیں۔
