’آج بھی کچھ کچھ ہوتا ہے‘، شاہ رُخ خان اور کاجول کی مشہور گانے پر ڈانس پرفارمنس
اتوار 12 اکتوبر 2025 10:25
جب بات ہو بالی وڈ کی سب سے پسندیدہ آن سکرین جوڑیوں کی تو شاہ رخ خان اور کاجول ہمیشہ پہلے نمبر پر نظر آتے ہیں۔
فلم ’بازی گر‘ ہو یا ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ یا ‘کبھی خوشی کبھی غم‘ شاہ رخ اور کاجول کی کیمسٹری کو بےحد پسند کیا گیا۔
ان دونوں نے گذشتہ تین دہائیوں میں اپنے چاہنے والوں کو ہنسایا بھی اور رُلایا بھی اور نہ جانے کتنوں کو محبت میں مبتلا بھی کیا۔
اب طویل عرصے بعد بالی وڈ کے اس سُر ہٹ کپل نے اپنے مداحوں کو ایک ایسا سرپرائز دیا ہے کہ انٹرنیٹ پر ان کی دھوم مچی ہوئی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق سنیچر کو 70ویں ہیونڈائی فلم فیئر ایوارڈز کے موقع پر شاہ رخ خان اور کاجول نے سٹیج شیئر کیا اور اپنی بلاک بسٹر فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کے مشہور گانے ’لڑکی بڑی انجانی ہے‘ پر پرفارم کیا۔
سٹیج پر دونوں کو پرفارم کرتے دیکھ کر یوں محسوس ہوا کہ شاہ رخ اور کاجول کی جوڑی کی کیمسٹری آج بھی اسی طرح برقرار ہے۔
ان کا ہر انداز، ہر مسکراہٹ دیکھنے والوں کو پھر سے 90 کی سنہری دہائی میں واپس لے گئی اور یہ لمحہ ’ناسٹیلجک‘ بن گیا۔
کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 1998 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان، کاجول اور رانی مکھرجی نے اداکاری کا ایسا جادو جگایا کہ یہ فلم آج بھی ماضی کی بہترین فلموں میں سے ایک سمجھی جاتی ہے۔
سوشل میڈیا پر اس وقت بالی وڈ کی اس موسٹ فیورٹ جوڑی کی ایک ساتھ پرفارمنس کے چرچے ہیں۔
انسٹاگرام پر کنگ خان ڈائریز کے نام سے ایک اکاؤنٹ نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج انہوں نے 90 کی دہائی کے کتنے ہی بچوں کے ٹوٹے دل جوڑ دیے۔‘

ایک اور سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ’کاجول اور شاہ رخ خان کے درمیان کیمسٹری صرف اداکاری نہیں، بلکہ ایک خالص جادو ہے جس نے ایک پوری نسل کی شناخت بنائی۔ دل والے دلہنیا لے جائیں گے سے لے کر کبھی خوشی کبھی غم تک، کوئی جوڑی اس بے ساختہ دلکشی اور جذبات کو دوبارہ تخلیق نہیں کر سکی۔ بالی ووڈ کی لازوال جوڑی۔‘
پریئیا درشینی نامی صارف نے لکھا کہ ’میری ہمیشہ سے پسندیدہ بالی وڈ جوڑی شاہ رخ خان اور کاجول ہے، اور برسوں بعد اُنہیں ایک ساتھ پرفارم کرتے دیکھنا کسی خواب سے کم نہیں۔ پورا بچپن ایک فریم میں سمٹ آیا۔‘
ایک اور صارف عافیہ نے لکھا کہ ’ان کی کیمسٹری وقت گزرنے کے باوجود کبھی مدھم نہیں ہوئی۔ یہ لازوال ہے اور آج بھی ویسی ہی جادوئی ہے جیسے پہلے دن تھی۔‘
شاہ رخ، کاجول اور کرن جوہر کے گلے ملنے پر ایک ایکس صارف نے تبصرہ کیا کہ ’شاہ رخ، کاجول اور کرن کے ایک دوسرے کے لیے محبت بے حد خالص اور سچی ہے۔ تینوں کا ایک ساتھ گلے ملنا مجھے ماضی کی یاد دلا گیا۔‘
